’گلاب کی روح‘ نامی نایاب گلابی ہیرا دو کروڑ 66 لاکھ ڈالر میں نیلام

،تصویر کا ذریعہEPA
گلابی اور ارغوانی رنگ کا ایک انتہائی نایاب روسی ہیرا سوئٹزر لینڈ میں ہونے والی ایک نیلامی میں دو کروڑ 66 لاکھ ڈالر میں نیلام کر دیا گیا ہے۔
14.8 قیراط وزن کے اس ہیرے کو ’سپرٹ آف روز‘ یا 'گلاب کی روح' کا نام دیا گیا ہے اور یہ اپنی نوعیت کا سب سے بڑا ہیرا ہے جو کہ نیلام کیا گیا ہے۔ ایسے گلابی ہیروں میں سے 99 فیصد 10 قیراط سے کم کے ہوتے ہیں، اس لیے یہ ہیرا انتہائی نایاب سمجھا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
جنیوا میں سودیبی نیلام گھر میں ہونے والی نیلامی کے دوران اس ہیرے میں خریداروں نے بہت دلچسپی لی جس کی وجہ اس کا حجم، رنگ اور اندرونی بناوٹ کو قرار دیا جا رہا ہے۔
نیلام گھر کی جانب سے اس قیمتی ہیرے کے خریدار کا نام ظاہر نہیں کیا گیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
یہ ہیرا ان تین ہیروں میں سے ایک تھا جو کان کنی کی روسی کمپنی الروسا کی ملکیت تھے اور ان تینوں کے نام مشہور روسی بیلے رقص پر رکھے گئے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہReuters
’سپرٹ آف روز‘ کو اس غیر تراشیدہ ہیرے میں سے تراشا کیا گیا ہے جو 2017 میں روس میں دریافت ہوا تھا۔
اس غیر تراشیدہ ہیرے کا نام روسی نژاد پولش بیلے ڈانسر نجنسکی کے نام پر رکھا گیا تھا۔
گلابی ہیروں میں سب سے مہنگے ہیرے کا اعزاز اب تک 'سی ٹی ایف پنک سٹار' نامی ہیرے کو حاصل ہے۔ اپریل سنہ 2017 میں یہ 59 قیراط کا ہیرا ہانگ کانگ میں سات کروڑ 10 لاکھ ڈالر میں فروخت ہوا تھا۔
دوسرے جواہرات جو ریکارڈ قیمتوں پر فروخت ہوئے
مئی 2016: اوپن ہائمر بلیو نامی ایک بڑا ہیرا پانچ کروڑ 6 لاکھ ڈالر میں فروخت ہوا تھا۔ 14.62 قیراط کا یہ ہیرا محظ 20 منٹ کی نیلامی کے دوران جنیوا میں خرید لیا گیا تھا۔ اس خریدار کی شناخت بھی نامعلوم رہی۔

،تصویر کا ذریعہReuters
نومبر 2015: بلیو مون نامی 12.03 قیراط کا ہیرا ہانگ کانگ میں ایک کاروباری شخصیت جوسف لو نے خرید لیا تھا اور اس کے لیے انھوں نے چار کروڑ 84 لاکھ ڈالر ادا کیے تھا۔ اس کی شکل کسی تکیے جیسی ہے۔ انھوں نے یہ ہیرا اپنی سات سالہ بیٹی کے لیے خریدا تھا اور اس کا نام 'بلیو مون آف جوسیفین' رکھ دیا تھا تاکہ اسے بیٹی کے نام سے منسوب کیا جاسکے۔
مئی 2015: ایک نامعلوم خریدار نے اس وقت تاریخ رقم کی جب انھوں نے 25.59 قیراط کا ایک قیمتی پتھر تین کروڑ ڈالر کے عوض خرید لیا۔ اس طرح یہ واحد ایسا جواہر بن گیا جسے کسی ہیرے کے علاوہ اتنی بڑی قیمت پر خریدا گیا۔
نومبر 2013: نیلام گھر کرسٹیز کے مطابق دنیا میں کسی بھی نیلامی میں سب سے بڑی قیمت پر فروخت ہونے والا نارنجی ہیرا قریب تین کروڑ 50 لاکھ ڈالر میں فروخت ہوا تھا۔ اس کی فی قیراط قیمت 24 لاکھ بنی تھی۔
نومبر 2010: گلابی رنگ کا ایک نایاب ہیرا، جو 24.78 قیراط کا تھا، اسے چار کروڑ 62 لاکھ میں خریدا گیا تھا۔ اسے 'عظیم دریافتوں میں سے ایک' قرار دیا گیا تھا۔ خیال کیا جاتا ہے کہ یہ اپنے وقت کا سب سے قیمتی پتھر رہا۔ اسے ایک برطانوی ڈیلر لارینس گریف نے خریدا تھا۔











