کورونا وائرس: انڈیا میں بڑھتے ہوئے کیسز، سعودی عرب نے انڈیا کی پروازوں پر پابندی لگا دی

سعودی ائرلائن

،تصویر کا ذریعہAMER HILABI/AFP VIA GETTY IMAGES

سعودی عرب نے کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کی وجہ سے انڈیا سے آنے اور جانے والی پروازوں پر پابندی لگا دی ہے۔

انڈیا کے علاوہ سعودی عرب نے برازیل اور ارجنٹائن سے آنے جانے والی پروازوں پر بھی پابندی لگا دی ہے۔

سعودی عرب کی طرف سے جاری کردہ ایک سرکاری بیان کے مطابق انڈیا، برازیل اور ارجنٹائن سے آنے جانے والی پروازوں کو معطل کر دیا گیا ہے۔ یہ پابندی ان تمام مسافروں پر عائد ہوتی ہے جو سعودی کے مجوزہ سفر کے دن سے چودہ دن پہلے تک اس ملک میں موجود تھے۔ یہ پابندی حکومتی دعوت پر آنے والوں پر لاگو نہیں ہوگی۔

سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں بہت بڑی تعداد میں انڈین نژاد افراد رہائش پزیر ہیں۔

انڈیا میں کورونا سے اموات کی تعداد 90 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ اسی دوران انڈیا میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 56 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ انڈیا میں کورونا وائرس کے کیسز کی کل تعداد 5,646,011 ہو گئی ہے، اور اب تک 90,020 افراد اس وبا کی وجہ سے ہلاک ہو چکے ہیں۔

پچھلے 24 گھنٹوں میں 83,347 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، اور 1,085 اموات ہوئی ہیں۔

عمرہ کی ادائیگی کی مرحلہ وار اجازت

حح

،تصویر کا ذریعہGetty Images

سعودی عرب کے حکام نے تقریباً سات ماہ کے وقفے کے بعد چار اکتوبر سے اپنے شہریوں اور رہائشیوں کو عمرہ ادا کرنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

یاد رہے کہ سات ماہ قبل سعودی عرب سے عمرے کی ادائیگی پر کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشات کے پیش نظر پابندی عائد کی تھی۔

سرکاری سعودی پریس ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق عمرہ کی بلا روک ٹوک اجازت بتدریج چار مراحل میں دی جائے گی۔

چار اکتوبر سے سعودی شہریوں اور باشندوں پر مشتمل چھ ہزار عمرہ زائرین کو روزانہ عمرہ ادا کرنے کی اجازت ہو گی جو کہ حکومت کی جانب سے مروجہ حفاظتی احتیاطی اقدامات کے تحت مسجد الحرام کی گنجائش کا 30 فیصد ہے۔18 اکتوبر سے عمرہ زائرین کی تعداد کو 75 فیصد گنجائش تک یعنی 15 ہزار تک لے جایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیے

جبکہ نومبر کے آغاز تک ان مخصوص ممالک سے جنھیں سعودی عرب کورونا کے حوالے سے محفوظ سمجھتا ہے پانچ ہزار عمرہ زائرین کو عمرہ ادائیگی کے لیے آنے کی اجازت ہو گی جس کے بعد سعودی حکام کی جانب سے حفاظتی اقدامات کے تحت مسجد الحرام میں زائرین کی کل تعداد 20 ہزار تک پہنچ جائے گی۔

عمرہ

،تصویر کا ذریعہReuters

اور جب متعلقہ حکام یہ سمجھیں گے کہ اب کورونا کی وبا کا خطرہ کم ہو گیا ہے تو معمول کی گنجائش کے مطابق مملکت میں رہنے والے اور بیرون ملک سے آنے والے زائرین کو عمرہ ادا کرنے کی اجازت ہو گی۔

واضح رہے کہ گذشتہ برس عمرہ کی ادائیگی کرنے والے افراد کی تعداد 19 ملین تھی۔ تاہم سعودی عرب نے رواں برس مارچ میں کورونا کی وبا کے پھیلاؤ کو محدود کرنے کے پیش نظر عمرہ ادائیگی کو معطل کر دیا تھا۔

رواں برس کورونا کے باعث سعودی حکومت کی جانب سے چند ہزار سعودی شہریوں اور رہائیشیوں کو حج کرنے کی اجازت دی گئی تھی جبکہ گذشتہ برسوں کے دوران تقریباً 30 لاکھ افراد نے ہر سال حج ادا کیا تھا۔

سرکاری اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ حج اور عمرہ سے سعودی عرب کو سالانہ 12 ارب ڈالر کی آمدنی ہوتی ہے۔

منگل کے روز تک سعودی عرب میں کورونا کےمتاثرین کی مجموعی تعداد تین لاکھ 30 ہزار سے زیادہ ہے جبکہ ملک میں ہلاکتوں کی کل تعداد 4542 ہے۔