ڈکشنری میں نسل پرستی کی تعریف بھی بدل گئی

،تصویر کا ذریعہKennedy Mitchum
امریکی ڈکشنری مریم وییسٹر نے ایک سیاہ فام نوجوان عورت کی درخواست پر اپنی ڈکشنری میں موجود نسل پرستی کی موجودہ تعریف کی دوبارہ تشریح کا فیصلہ کیا ہے۔
حال ہی میں ڈریک یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہونے والی کینیڈی مچم نے مریم ویبسٹر کو تحریری درخواست کی تھی کہ منظم جبر کو نسل پرستی کی موجودہ تعریف میں شامل کیا جائے۔
ڈکشنری کے ایک ایڈیٹر نے اس درخواست میں اٹھائے گئے نکتے کو سمجھنےکے لیے ان سے رابطہ کیا اور نسل پرستی کی تعریف کو اپ ڈیٹ کرنے پر اتفاق کیا۔
مزید پڑھیے:
ویبسٹر ڈکشنری میں نسل پرستی کی تعریف میں تبدیلی کا فیصلہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکی ریاست منیسوٹا کے شہر منی ایپلس میں سیاہ فام امریکی جارج فلائیڈ کی سفید فام پولیس اہلکار کی تحویل میں ہلاکت کے بعد پوری دنیا میں نسل پرستی کے خلاف غم و غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
مس مچم کا ایسا لوگوں سے واسطہ پڑتا تھا جو میریم ویبسٹر ڈکشنری میں نسل پرستی کی تعریف کا حوالہ دے کر یہ دلیل دیتے تھے کہ رنگدار جلد کے مالک لوگوں کے بارے میں ان کے احساسات نسلی پرستی کے زمرے میں نہیں آتے۔
مس مچم نے محسوس کیا کہ ڈکشنری میں دی گئی نسل پرستی کی تعریف کو معاشرے میں پائی جانے والی وسیع نسلی تفریق کی عکاس ہونا چاہیے۔
مس مچم نے امریکی ٹی چینل، سی این این کو بتایا :'میں انھیں بتا رہی تھی کہ معاشرے میں رنگ و نسل کی بنیاد پر جو کچھ ہو رہا ہے، نسل پرستی کی موجودہ تعریف اس کا احاطہ نہیں کرتی۔‘
'عملی زندگی میں نسل پرستی صرف نسلی عصبیت تک محدود نہیں، یہ ایک منظم نسل پرستی ہے جس کا سیاہ فام امریکیوں کو سامنا کرنا پڑتا ہے۔'
میریم ویبسٹر کے ایڈیٹوریل مینجر پیٹر سکولوسکی نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ ڈکشنری میں نسل پرستی کی نئی تعریف میں اس درخواست میں اٹھائے گئے نکتے کی عکاسی ہو گی۔
'ہم نئے ایڈیشن میں (نسل پرستی) کی تعریف کو اور واضح کریں گے۔'
انھوں نے کہا کہ ہم ڈکشنری کو اپ ڈیٹ رکھنے کے لیے اس پر مسلسل نظرثانی کرتے ہیں تاکہ الفاظ کے وہ معنی سامنے آئیں جیسے لوگ انھیں سمجھتے اور استعمال کرتے ہیں۔











