امریکہ: نیند میں ڈراؤنا خواب دیکھتے ہوئے خاتون نے ہیرے کی انگوٹھی نگل لی

انگوٹھی کا مسئلہ (فائل فوٹو

،تصویر کا ذریعہPA Media

ایک امریکی خاتون نے نیند میں اپنی منگنی کی انگوٹھی نگل لی جس کے بعد اسے سرجری کے ذریعے ان کے پیٹ سے نکالا گیا۔

29 سالہ جینا ایونز کے مطابق ’وہ اور ان کے منگیتر بوبی ایک تیز رفتار ٹرین پر تھے جب انھوں نے ’برے لوگوں‘ سے بچانے کے لیے اپنی انگوٹی نگل لی۔‘

جب وہ کیلیفورنیا میں اپنے گھر میں اٹھیں تو انھیں احساس ہوا کہ وہ ایک خواب تھا لیکن اس کے ساتھ ان پر یہ حقیقت بھی آشکار ہوئی کہ ہیرے کی انگوٹھی لاپتہ ہے۔

یہ بھی پڑھیے

ان کا کہنا ہے کہ انھیں اندازہ ہوگیا کہ اصل میں ہوا کیا ہے، انھوں نے اپنے منگیتر کو اٹھایا اور وہ ہسپتال چلے گئے۔

وہ کہتی ہیں کہ ان کے لیے اس واقعے کے متعلق طبی عملے کو بتانا بہت مشکل تھا ’کیونکہ وہ (خود) متواتر زور سے ہنس اور رو رہی تھیں۔‘

Facebook پوسٹ نظرانداز کریں

مواد دستیاب نہیں ہے

Facebook مزید دیکھنے کے لیےبی بی سی. بی بی سی بیرونی سائٹس پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے.

Facebook پوسٹ کا اختتام

ایکسرے سکین میں ان کے معدے میں 2.4 قِراط کے ہیرے کی انگوٹھی نظر آئی اور ڈاکٹروں نے کہا کہ اس کے قدرتی طور پر باہر نکلنے یا ’حاجت‘ کا انتظار کرنا عقل مندی نہیں ہوگی۔

اس کے بعد سان ڈی ایگو کی رہائشی جینا ایونز کی سرجری کرنی پڑی۔ ان کا کہنا ہے کہ انھیں اس کے لیے ایک فارم پر دستخط بھی کرنے پڑے کہ اس دوران ان کی موت بھی ہو سکتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ ’میں نے اس موئی منگنی کی انگوٹھی کے لیے بہت انتظار کیا ہے اور میں بوبی ہوویل سے شادی کروں گی۔‘

ان کی سرجری کامیاب ہوئی اور ان کا کہنا ہے کہ وہ ’زار و قطار روتی ہوئی ہوش میں آئیں‘۔