بریگزٹ: برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے ملکہ برطانیہ سے جھوٹ بولنے کی تردید کر دی

،تصویر کا ذریعہGetty Images
برطانیہ کے وزیر اعظم بورس جانسن نے اس بات کی تردید کی ہے انھوں نے ملکہ برطانیہ کو ملک کی پارلیمان کو پانچ ہفتے تک معطل رکھنے کا مشورہ دیتے وقت جھوٹ کا سہارا لیا تھا۔
بورس جانسن کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سکاٹ لینڈ کی اعلی ترین عدالت نے پارلیمان کو معطل کرنے کے فیصلے کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم بورس جانسن نے پارلیمان کی معطلی کے حوالے سے ملکہ برطانیہ کو گمراہ کیا تھا۔
جب بورس جانس سے سوال ہوا کہ آیا انھوں نے معطلی کی وجوہات بیان کرتے وقت ملکہ سے جھوٹ بولا تھا تو ان کا جواب تھا 'بالکل نہیں۔'
انھوں نے مزید کہا کہ 'انگلینڈ کی ہائی کورٹ واضح طور پر ہم سے متفق ہے، تاہم آخری فیصلہ سپریم کورٹ کو کرنا ہو گا۔'
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
برطانوی قوانین کے تحت پارلیمان کو معطل کرنے کا اختیار ملکہ برطانیہ کے پاس ہے جو روائیتی طور پر اس حوالے سے وزیر اعظم کی جانب سے دیے گئے مشورے پر ہی عمل کرتی ہیں۔
بدھ کے روز ایڈن برگ کی کورٹ آف سیشن نے ایک متفقہ فیصلے میں قرار دیا تھا کہ وزیر اعظم کے اس فیصلے کے پیچھے 'پارلیمان کی ترقی کو روکنے کا نامناسب مقصد' کارفرما ہے۔
یہ فیصلہ 70 ممبران پارلیمان کی جانب سے پارلیمان کی معطلی کے فیصلے کے خلاف دائر کی گئی ایک درخواست پر آیا ہے۔
اس فیصلے پر بات کرتے ہوئے بورس جانسن کا کہنا تھا کہ ایسا کہنا 'نامعقول' ہو گا کہ یہ اقدام جمہوریت کو کمزور کرنے کی کوشش تھا۔ انھوں نے مزید کہا کہ نئے آنے والے وزیر اعظم کے لیے اس نوعیت کے اقدامات کرنا ایک عام کی بات ہے۔

،تصویر کا ذریعہUK PARLIAMENT
گذشتہ ہفتے لندن کی ہائی کورٹ نے اسی نوعیت کی ایک پیٹیشن کو مسترد کر دیا تھا۔ یہ پیٹیشن جینا ملر نے دائر کی تھی۔ ہائی کورٹ کے ججوں نے یہ دلیل دی تھی کہ پارلیمان کی معطلی کا فیصلہ 'خالصتاً سیاسی' نوعیت کا ہے اور عدالت کا اس سے کچھ لینا دینا نہیں۔
برطانوی پارلیمان کی حالیہ پانچ ہفتوں کی معطلی منگل کی صبح سے شروع ہوئی ہے پارلیمان کی کارروائی کا دوبارہ آغاز اب 14 اکتوبر کو ہو گا۔
لیبر پارٹی کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے 'ییلو ہیمر ڈاکومنٹ' کی اشاعت کے بعد 'اب یہ پہلے سے کہیں زیادہ اہم' ہو گیا ہے کہ پارلیمان کی کارروائی کو دوبارہ شروع کیا جائے۔
'ییلو ہیمر ڈاکومنٹ' میں وضاحت کی گئی ہے کہ نو ڈیل بریگزٹ کی صورت میں زیادہ سے زیادہ بدترین صورتحال کیا ہو سکتی ہے۔
یہ دستاویز ممبران پارلیمان کے اصرار پر جاری کیا گیا ہے اور اس میں متنبہ کیا گیا ہے کہ نو ڈیل بریگزٹ کی صورت میں برطانیہ میں اشیائے خوردونوش اور ایندھن کی قلت ہو سکتی ہے۔ اس بات کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے کہ خوراک اور ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ ہو سکتا ہے جس کا سب سے زیادہ اثر کم آمدن والے افراد پر ہو گا۔
اس دستاویز میں کہا گیا ہے کہ ایسی صورتحال چھ ماہ تک رہ سکتی ہے جس کی وجہ سے ادویات کی رسد کم ہو سکتی ہے۔ پورے برطانیہ میں نو ڈیل بریگزٹ کے حق اور مخالفت میں مظاہرے ہو سکتے ہیں۔
دستاویز میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ آئرلینڈ کے ساتھ برطانیہ کی سرحد کے ساتھ بندش کے باعث کچھ کاروبار اپنی تجارت روک کرسکتے ہیں جس سے بلیک مارکیٹ میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
اگرچہ پارلیمان کو ہر سال کچھ وقت کے لیے معطل کیا جاتا ہے مگر بریگزٹ کے تناظر میں موجودہ معطلی کو اس کی ٹائمنگ کی وجہ سے کافی تنقید کا سامنا ہے۔
حزبِ اختلاف کی جماعتوں نے وزیر اعظم پر الزام عائد کیا ہے کہ انھوں نے اس وقت میں معطلی صرف اس وجہ سے کی ہے تاکہ بریگزٹ پر ان کی حکمت عملی اور نو ڈیل بریگزٹ کے ان کے ارادے اور تیاریوں پر تنفید کو روکا جا سکے۔

،تصویر کا ذریعہPA Media
دریں اثنا یورپی یونین کا کہا ہے کہ بورس جانسن کی جانب سے انکار کے باوجود وہ بریگزٹ پر ہونے والے ڈیڈ لاک کے خاتمے کے لیے شمالی 'آئرلینڈ بیک سٹاپ' کی تجویز پر نظر ثانی کرنے کو تیار ہیں۔
یورپین پارلیمان کے صدر ڈیوڈ سیسولی کا کہنا ہے 'بیک سٹاپ' کے بغیر کوئی معاہدہ نہیں ہو گا۔ بیک سٹاپ کا مقصد بریگزٹ کے بعد سخت آئرش بارڈر سے بچنا ہے۔
دوسری جانب یورپی یونین کی جانب سے متعین ثالث مشیل بارنئیر کا کہنا ہے کہ 'برطانیہ میں صورتحال سنجیدہ اور غیر یقینی کا شکار ہے۔ پرامید رہنے کے لیے ہمارے پاس کچھ وجوہات نہیں ہیں۔'
انھوں نے متنبہ کیا کہ اگرچہ نو ڈیل بریگزٹ جیسی صورتحال سے بچاؤ کے لیے پارلیمان ایک قانون کی تیاری میں مصروف ہے مگر پھر بھی برطانیہ بغیر کسی ڈیل کے یورپی یونین سے نکل سکتا ہے۔
تاہم وزیر اعظم بورس جانسن کا اصرار ہے کہ برطانیہ 31 اکتوبر کی موجودہ ڈیڈ لائن تک یورپی یونین کو چھوڑنے کے لیے 'تیار' ہو گا۔ 'اگر ہمیں کسی ڈیل کے بغیر نکلنا پڑا تب بھی۔'
ان کا کہنا تھا کہ 'آپ جو کچھ دیکھ رہے ہیں وہ بدترین صورتحال سے بچنے کی تیاریاں ہیں۔ اور آپ ہر حکومت سے اسی چیز کی توقع رکھتے ہیں۔'
'درحقیت ہم یقینی طور پر نو بریگزٹ ڈیل کے لیے تیار ہوں گے، اگر ایسا کرنا پڑا تو۔ اور میں ایک مرتبہ پھر واضح کرتا ہوں ہمارا مقصد اس طرح (نو ڈیل بریگزٹ) سے مسئلے کا اختتام نہیں۔'
تاہم چانسلر جان میک ڈونل کا کہنا ہے کہ وہ اس بات پر 'ناراض' ہیں کہ پارلیمان کی معطلی کے دوران اس حوالے سے ہونے والی منصوبہ بندی پر ممبرانِ پارلیمان بات نہیں کر پائیں گے۔









