شمالی کوریا کا منحرف فوجی غیر عسکری علاقہ پار کرنے میں کامیاب: جنوبی کوریا

،تصویر کا ذریعہGetty Images
جنوبی کوریا نے شمالی کوریا کے ایک فوجی کو گرفتار کر لیا ہے جو دونوں ممالک کی سرحد پر واقع سخت نگرانی والے ڈی ملٹرائزڈ زون یعنی غیر عکسری علاقے کو پار کر کے اس طرف نکل آیا تھا۔
جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف سٹاف کے مطابق اس فوجی کو اندھیرے میں حرارت کی نشاندہی کرنے والے تھرمل آلات کی مدد سے تلاش کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیے
فوجی کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔ تاہم جے سی ایس کے مطابق شمالی کوریا کی فوج میں کام کرنے والے اس سپاہی نے اپنی وفادریاں تبدیل کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔
ہر سال درجنوں لوگ شمالی کوریا سے بھاگ نکلتے ہیں لیکن ڈی ایم زی کو پار کرنا انتہائی خطرناک ہے اور ایسے واقعات کم ہی دیکھنے کو ملتے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
شمالی اور جنوبی کوریا کے درمیان واقع ڈی ملٹرائزڈ زون دونوں کوریائی ممالک کے درمیان ایک ایسا بفرزون ہے جہاں خار دار تاریں، نگرانی والے کیمرے، بجلی کی باڑ اور بارودی سرنگیں موجود ہیں۔

،تصویر کا ذریعہAFP
اس سال کی ابتدائی دو تہائیوں میں شمالی کوریا سے فرار ہونے والے افراد کی تعداد میں سنہ 2016 کے مقابلے میں 13 فیصد کمی ہوئی ہے۔
سیول میں حکام کے مطابق جنوری 2017 سے اگست 2017 تک شمالی کوریا سے 780 افراد ملک چھوڑ کر بھاگے ہیں۔
دریا کی اوٹ میں
نومبر 2017 میں شمالی کوریا کے ایک فوجی کو اس کے ساتھیوں نے غیر عسکری زون پار کرنے کی پاداش میں 40 گولیاں ماری تھیں۔
تازہ ترین واقعے میں جزیرہ نما کے مغرب میں ڈی ایم زی کے دونوں اطراف بہنے والے دریا اِمجِن کے قریب سے ایک شخص کو آدھی رات کے اندھیرے میں تلاش کیا گیا۔
جنوبی کوریا کی افواج نے اسے اپنی حراست می لے لیا۔
اس واقعے سے ایک دن پہلے شمالی کوریا نے کم فاصلے پر مار کرنے والے میزائل کا تجربہ کیا ہے۔
شمالی کوریا نے کہا کہ یہ تجربے رواں ماہ کے آخر میں امریکہ اور جنوبی کوریا کے مابین ہونے والی فوجی مشقوں کے حوالے سے ایک ’انتباہ‘ ہے۔









