شمالی کوریا کا ایک اور فوجی بھاگ کر جنوبی کوریا پہنچ گیا

،تصویر کا ذریعہAFP/GETTY
جنوبی کوریا کی فوج نے شمالی کوریا کے سرحدی محافظوں پر اس وقت خبردار کرنے کے لیے فائرنگ کی جب وہ اپنے بھاگ جانے والے ایک فوجی کو تلاش کر رہے تھے۔
واضح رہے کہ شمالی کوریا کے ایک فوجی نے بدھ کی صبح آٹھ بجے بھاگ کر دونوں ممالک کے درمیان سرحد کو عبور کیا۔
جنوبی کوریا کی فوج کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا کا ایک فوجی ان کی چوکی کے پاس آیا۔
اس بارے میں مزید پڑھیے
وہ رواں برس شمالی کوریا کی فوج سے بھاگ کر آنے والا چوتھا فوجی ہے۔
اس سے پہلے گذشتہ ماہ 13 نومبر کو بھی شمالی کوریا کا ایک فوجی دونوں ممالک کے درمیان ڈی میلیلاٹرائزڈ زون سے بھاگ کر جنوبی کوریا پہنچا تھا تاہم سرحد عبور کرتے ہوئے اسے گولی مار کر زخمی کر دیا گیا تھا۔
جنوبی کوریا کی وزارتِ دفاع نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا ہے کہ اس کے فوجیوں نے شمالی کوریا کے سرحدی محافظوں کو اس وقت خبردار کرنے کے لیے 20 فائر کیے جب وہ اپنے ایک فوجی کو تلاش کرتے ہوئے ان کی سرحد کے قریب آئے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
جنوبی کوریا کے قومی براڈ کاسٹر کے بی ایس کے مطابق یہ واقعہ گانگ ون صوبے کی سرحد پر پیش آیا۔
حکام کے مطابق بھاگ کر آنے والے شمالی کوریا کے سپاہی کو حراست میں لے لیا گیا اور ان سے تفتیش کی جا رہی ہے۔
خیال رہے کہ شمالی کوریا کی فوج سے بھاگ کر آنے والے چند فوجی دونوں ممالک کے درمیان ڈی میلیلاٹرائزڈ زون کو عبور کر کے جنوبی کوریا پہنچنے کا خطرہ مول لیتے ہیں۔
شمالی اور جنوبی کوریا کے درمیان واقع ڈی میلیلاٹرائزڈ زون دونوں کوریائی ممالک کے درمیان ایک ایسا بفر زون ہے جہاں خار دار تاریں، نگرانی والے کیمرے، بجلی کی باڑ اور بارودی سرنگیں موجود ہیں۔
اس سال کی ابتدائی دو تہائیوں میں شمالی کوریا سے فرار ہونے والے افراد کی تعداد میں سنہ 2016 کے مقابلے میں 13 فیصد کمی ہوئی ہے۔
سیول میں حکام کے مطابق جنوری 2017 سے اگست 2017 تک شمالی کوریا سے 780 افراد ملک چھوڑ کر بھاگے ہیں۔







