مسجد الحرام میں غیر ملکی شہری کی چھت سے کود کر خودکشی

،تصویر کا ذریعہGetty Images
سعودی عرب کے شہر مکہ میں اسلام کے مقدس ترین مقام مسجد الحرام میں ایک شخص نے خود کشی کر لی ہے۔
سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے نے مکہ پولیس کے ترجمان کے حوالے سے بتایا ہے کہ غیر ملکی شہری نے جمعے کی رات نو بج کر 20 منٹ پر مسجد الحرام کی چھت سے نیچے طواف کرنے کی جگہ پر کود کر خود کشی کی۔
حکام کا کہنا ہے کہ نیچے گرنے سے اس شخص کی فوری موت واقع ہو گئی۔ پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ لاش کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا اور اس واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
اس بارے میں مزید پڑھیے
حکام کے مطابق اس واقعے میں ہلاک ہونے والے شخص نے جس مقام سے نیچے چھلانگ لگائی وہاں زائرین کو گرنے سے بچانے کے لیے حفاظتی باڑ نصب تھی۔
ترکی اور عرب ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ تیسری منزل سے کود کر خودکشی کرنے والا 26 سالہ شخص فرانسیسی شہری تھا اور اس نے اسلام قبول کیا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
گذشتہ برس فروری میں ایک شخص نے مسجد الحرام میں خود سوزی کی کوشش کی تھی۔
تفصیلات کے مطابق اس شخص نے اپنے کپڑوں پر پیٹرول چھڑک کر خود کو آگ لگانے کی کوشش کی لیکن پولیس نے اس کی یہ کوشش ناکام بناتے ہوئے اسے گرفتار کر لیا۔
خانہ کعبہ کی سکیورٹی پر مامور پولیس حکام نے ایک بیان میں کہا تھا کہ اس شخص کی حرکتوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس کا ذہنی توازن درست نہیں۔










