منسوخی کی دھمکی کے باوجود امریکہ صدر ٹرمپ اور کم جونگ کی ملاقات کے لیے ’پرامید‘

کوریا

،تصویر کا ذریعہAFP

ٹرمپ انتظامیہ نے امید ظاہر کی ہے کہ جون میں شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان کے ساتھ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی متوقع ملاقات حالیہ واقعات کے باوجود منسوخ نہیں ہو گی۔

وائٹ ہاؤس کے ایک ترجمان نے کہا کہ صدر ٹرمپ اس ملاقات کے لیے تیار ہیں۔

اس سے قبل شمالی کوریا نے سخت الفاظ پر مبنی بیان جاری کیا تھا جس میں دھمکی دی گئی تھی کہ اگر امریکہ نے شمالی کوریا پر جوہری ہتھیاروں کے خاتمے پر زور دیا تو 12 جون کو سنگاپور میں ہونے والی ملاقات منسوخ کر دی جائے گی۔

اس بارے میں مزید پڑھیے

وائٹ ہاؤس کی ترجمان سارا ہکابی سینڈرز نے کہا کہ 'اگر ملاقات طے پاتی ہے تو صدر ٹرمپ اس کے لیے پوری طرح تیار ہیں، اور اگر ملاقات نہیں ہوتی تو ہم شمالی کوریا پر دباؤ ڈالنے کی مہم جاری رکھیں گے۔'

جب صدر ٹرمپ سے اس بارے میں پوچھا گیا تو انھوں نے کہا کہ 'ہم دیکھیں گے۔' لیکن انھوں نے ساتھ ساتھ یہ بھی کہا کہ امریکہ شمالی کوریا پر جوہری ہتھیاروں کے خاتمے پر زور دے گا۔

شمالی کوریا کی ناراضی کی وجہ کیا ہے؟

شمالی کوریا کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ انھیں صدر ٹرمپ سے ہونے والی ملاقات سے کئی امیدیں وابستہ تھیں لیکن وہ امریکہ کی جانب سے دیے گیے حالیے غیر ذمہ دارانہ بیانات سے 'شدید مایوس' ہوئے ہیں۔

شمالی کوریا کے نائب وزیر خارجہ کم کائے گوان سے منسوب بیان میں امریکہ کے قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن کو خاص طور پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور کہا کہ 'ہم جان بولٹن کے لیے اپنی سخت نفرت نہیں چھپاتے۔'

ان کے بیان میں مزید کہا گیا کہ 'اگر امریکہ ہمیں کونے میں دھکیلنے کی کوشش کر رہا ہے تاکہ ہم اپنا جوہری پروگرام ترک کر دیں، تو ہم ایسی ملاقات میں دلچسپی نہیں رکھتے۔'

واضح رہے کہ چند روز قبل جان بولٹن نے کہا تھا کہ شمالی کوریا 'لیبیا ماڈل' پر عمل کرے گا جس کے تحت ملک نے جوہری پروگرام ترک کر دیا تھا لیکن کچھ سالوں بعد لیبیا کے سربراہ معمر قذافی کو مغرب نواز باغیوں نے قتل کر دیا تھا۔

کوریا

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنشمالی کوریا کے بیان میں امریکی قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے

شمالی کوریا کی تنقید کے باوجود جان بولٹن نے کہا کہ دونوں سربراہان کے درمیان ملاقات ہونے کے امکانات روشن ہیں۔

واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے جنوبی کوریا نے امریکہ کے ساتھ فوجی مشق میں حصہ لیا جن کے بارے میں شمالی کوریا نے کہا کہ یہ 'اشتعال انگیز' ہیں اور یہ چڑھائی کی تیاریاں ہیں۔

امریکہ اور جنوبی کوریا نے ہمیشہ یہ موقف اختیار کیا ہے کہ یہ مشقیں صرف دفاعی مقاصد کے لیے ہیں اور دونوں ملکوں کے درمیان 1953 میں کیے گئے دفاعی معاہدے کے تحت ہوتی ہیں۔

تاہم شمالی کوریا نے اس کے بعد جنوبی کوریا کے حکام کے ساتھ بدھ کو ہونے والی ملاقات منسوخ کر دی۔ اس میٹنگ میں دونوں ممالک کے سربراہان کی 27 اپریل کی ملاقات کے بعد کا لائحہ عمل طے کیا جانا تھا۔

یاد رہے کہ گذشتہ ماہ ہونے والی تاریخی ملاقات میں شمالی کوریا کے کم جونگ ان اور جنوبی کوریا کے مون جائی ان نے اعلان کیا تھا کہ خطے کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کیا جائے گا۔