سعودی عرب میں 35 سالہ پابندی کے بعد پہلا سنیما

،تصویر کا ذریعہBusiness Wire/KAFD
دنیا میں سنیما گھروں کی سب سے بڑی کمپنی اے ایم سی نے اعلان کیا ہے کہ اس ماہ کی 18 تاریخ کو وہ سعودی عرب میں اپنا پہلا سنیما گھر کھولے گی۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں گذشتہ 35 سالوں سے سنیما گھروں پر پابندی تھی اور مملکت میں کئی دہائیوں میں کھلنے والا یہ پہلا سنیما گھر ہوگا۔
اے ایم سی کے ترجمان رائن نونان نے نامہ نگار شجاع ملک سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ اس حوالے سے سعودی حکومت کے پبلک انویسمنٹ فنڈ کی ایک ذیلی کمپنی اور اے ایم سی کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ہے اور سعودی عرب میں اے ایم سی کا پہلا سنیما گھر دارالحکومت ریاض میں کھولا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیے
اس سوال پر کہ کیا سینما گھروں میں خواتین کو جانے کی اجازت ہوگی یا ان کے علیحدہ سیٹوں کا تعین کیا جائے گا، ترجمان کا کہنا تھا کہ فی الحال یہ تفصیلات ظاہر نہیں کی جا رہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اسی حوالے سے سعودی وزارتِ اطلاعات اور ثقافت نے بھی ایک بیان جاری کیا ہے جس میں اس معاہدے کی تصدیق کی گئی ہے۔
کمپنی کی جانب سے اس حوالے سے جاری کردہ اعلان میں بتایا گیا ہے کہ آئندہ پانچ سالوں میں ملک کے پندرہ شہروں میں 30 سے 40 سنیما گھر کھولے جائیں گے جبکہ سنہ 2030 تک ان کی تعداد 100 تک لے جانے کا منصوبہ ہے۔

،تصویر کا ذریعہAMC
اے ایم سی دنیا بھر میں تقریباً 1000 سنیما گھر چلاتی ہے۔
سعودی عرب میں آنے والی اس جیسی متعدد بڑی تبدیلیوں کا سہرا 32 سالہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو دیا جا رہا ہے جو روایتی طور پر ایک قدامت پسند ملک میں خود کو جدیدیت پسند کی حیثیت سے پیش کرتے ہیں۔
گذشتہ برس سعودی عرب میں پہلی مرتبہ خواتین کو ڈرائیونگ کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔ سعودی عرب میں 1990 سے خواتین کی ڈرائیونگ پر پابندی عائد تھی۔ یہ پابندی قانون کا حصّہ نہیں تھی تاہم معاشرتی اور تہذیبی طور پر سعودی عرب میں اس عمل کی اجازت نہیں ہے۔












