سپین: تاخیر سے تنگ آکر طیارے کے ہنگامی دروازے سے نکلنے والا مسافر گرفتار

،تصویر کا ذریعہEPA
طیارے سے اترنے میں تاخیر سے تنگ آ کر یورپ کی سستی فضائی کمپنی رائن ایئر کے ایک مسافر کو جہاز کے پر پر جا بیٹھنے کے جرم میں گرفتار کر لیا گیا۔
پولینڈ سے تعلق رکھنے والا پچاس سالہ مسافر لندن سے سپین کے ملینگا ائیر پورٹ کی پرواز پر سوار تھا لیکن جب طیارہ ایک گھنٹے کی تاخیر سے میلینگا پہنچا اور آدھے گھنٹے تک مسافروں کو اترنے نہیں دیا گیا تو مذکورہ مسافر نے ایمرجنسی دروازہ کھولا اور جہاز کے وِنگ پر بیٹھ گیا۔
اس پر ائیر پورٹ سکیورٹی والوں نے اس شخص کو گرفتار کر لیا۔
طیارے میں سوار ایک دوسرے مسافر نے جو ویڈیو بنائی اس میں اس شخص کو ایمرجنسی دروازے کے باہر تسلی سے اپنا سامان رکھتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے اور پس منظر میں دیگر مسافروں کو ہنستے ہوئے سنا بھی جا سکتا ہے۔
برطانوی اخبار ڈیلی میل نے مذکورہ پرواز کے دو مسافروں سے بات کی جن میں سے ایک کا کہنا تھا کہ وہ یہ دیکھ کر حیران ہو گئے کہ مسافر نے ہنگامی حالت میں جہاز سے نکلنے والا دروازہ کھولا اور کہا کہ میں اب جہاز کے پر کے راستے باہر جا رہا ہوں۔
تاہم دوسرے مسافر کا کہنا تھا کہ مذکورہ شخص کا دم گھُٹ رہا تھا اور اسے سانس لینے میں مشکل ہو رہی تھی، اس لیے اس نے ایمرجنسی دروازے سے باہر نکلنے کا فیصلہ کیا۔
فضائی کمنپی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ ائیر پورٹ کے حفاظتی قوانین کی خلاف ورزی تھا۔
ترجمان کے مطابق ملینگا کی پولیس نے مذکورہ مسافر کو فوراً گرفتار کر لیا اور سپین کے حکام ان سے پوچھ گچھ کر رہے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
رائن ایئر کے مطابق یہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ نہیں ہے کیونکہ 2016 میں بھی ایک شخص نے طیارے کی سیڑھی سے اتر کر بھاگنا شروع کر دیا تھا جس پر اسے گرفتار کر لیا گیا تھا۔









