شمالی کوریا امریکہ اور اتحادیوں پر حملہ کرنے کی غلطی نہ کرے: میٹس

،تصویر کا ذریعہEPA
امریکہ نے شمالی کوریا کو خبردار کیا ہے کہ وہ امریکہ اور اُس کے اتحادیوں پر حملہ کرنے کی غلطی نہ کرے کیونکہ جوہری ہتھیاروں کے استعمال کا موثر اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
امریکہ کے وزیرِ دفاع جیمز میٹس نے کہا ہے کہ ان کا ملک شمالی کوریا کو کبھی بھی جوہری ملک تسلیم نہیں کرے گا۔
امریکی وزیر دفاع جنوبی کوریا کے دورے پر سیئول پہنچے ہیں، جہاں پریس کانفرنس میں جیمز میٹس نے کہا کہ پیانگ یانگ کے جوہری اور میزائل پروگرام سے اس کی سکیورٹی مضبوط نہیں ہو گی۔
امریکی وزیرِ دفاع نے واشنگٹن کے اس عزم کو دہرایا کہ وہ شمالی کوریا کے ساتھ کشیدگی کو سفارتی طریقوں سے حل کرنا چاہتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ شمالی کوریا کی جانب سے امریکہ یا اس کے اتحادیوں کے خلاف کسی بھی قسم کے ہتھیاروں کے استمعال کا 'بھرپور' عسکری جواب دیا جائے گا۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق امریکی وزیرِ دفاع جیمز میٹس نے سنیچر کو سیئول میں جنوبی کوریا کے حکام کے ساتھ ملاقات میں واضح کیا کہ امریکہ کبھی بھی شمالی کوریا کو جوہری طاقت تسلیم نہیں کرے گا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اسی بارے میں مزید پڑھیے
جیمز میٹس نے پیانگ یانگ کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اور جنوبی کوریا کے اتحاد کا کوئی مقابلہ نہیں ہے۔
انھوں نے کہا کہ ’شمالی کوریا امریکہ اور اُس کے اتحادیوں پر حملہ کرنے کی غلطی نہ کرے کیونکہ اُس کی جانب سے جوہری ہتھیاروں کے استعمال کا موثر اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔‘
جیمز میٹس نے کہا کہ شمالی کوریا کا تیزی سے بڑھتا ہوا جوہری اور میزائل پروگرام اس کی سکیورٹی کو مضبوط نہیں کرے گا۔
خبر رساں ادارے اے ایف کے مطابق جیمز میٹس نے حالیہ بحران کو سفارت کاری کے ذریعے حل کرنے پر زور دیا۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ ’ہمارے سفارت کار اس وقت زیادہ موثر ہوتے ہیں جب انھیں عسکری حمایت حاصل ہوتی ہے۔‘
واضح رہے کہ حالیہ مہینوں کے دوران شمالی کوریا نے بین الاقوامی دباؤ کو نظر انداز کرتے ہوئے چھ جوہری تجربات کیے ہیں اور جاپان کے اوپر سے دو میزائل فائر کیے ہیں۔
شمالی کوریا کے جوہری پروگرام پر خطے میں کشیدگی بڑھ رہی ہے۔









