سمندری طوفان ’ارما‘ سے 12 لاکھ افراد متاثر، کئی جزائر تباہ

،ویڈیو کیپشنارما سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے

امریکہ میں ہنگامی امداد کی وفاقی ادارے کے سربراہ نے خبردار کیا ہے کہ سمندری طوفان 'ارما' امریکی ریاست فلوریڈا یا اس کی ہمسایہ ریاستوں کے لیے 'تباہ کن' ثابت ہو سکتا ہے۔

فیما کے منتظم بروک لونگ کا کہنا ہے کہ 'ارما بدستور ایک بڑا خطرہ ہے جو کہ امریکہ میں فلوریڈا اور دیگر جنوب مشرقی ریاستوں کو تباہ کرے گا۔'

انھوں نے کہا کہ اس طوفان کی وجہ سے فلوریڈا کے کئی علاقوں میں طوفان کے بعد آنے والے کئی دنوں تک بجلی نہیں ہوگی جبکہ ایک لاکھ سے زیادہ افراد کو پناہ کی ضرورت ہوگی۔

ارما کی شدت میں کمی کے بعد اب اسے درجہ چار کا طوفان قرار دیا گیا ہے لیکن حکام نے خبردار کیا ہے کہ شدت میں کمی کے باوجود اب بھی یہ 'انتہائی خطرناک' ہے۔

امریکی موسمیاتی سروس کے مطابق خدشہ ہے کہ ارما اپنے ساتھ 270 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہوائیں لائے گا۔

یہ طوفان کریبیئن جزائر میں تباہی مچانے کے بعد اب ہیٹی، کیوبا سمیت بحرِاوقیانوس کے زیریں جانب بڑھ رہا ہے اور یہ اتوار تک امریکی ساحلوں تک پہنچے گا۔

طوفان کے باعث اب تک 14 ہلاکتوں کی تصدیق کی گئی ہے جبکہ بین الاقوامی امدادی ادارے آئی آر سی کا کہنا ہے ’ارما‘ سے اب تک 12 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں اور یہ تعداد بڑھ سکتی ہے۔

ارما کا ممکنہ راستہ

ابتدائی طور پر طوفان کے نتیجے میں 295 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی تھیں تاہم ان کی شدت میں معمولی کمی آئی ہے اور اب ان کی رفتار 270 کلومیٹر فی گھنٹہ کے لگ بھگ ہے۔

جمعے کو یہ طوفان ٹرکس اینڈ کیکس کے جزائر سے ٹکرایا ہے۔ طوفانی ہواؤں اور بارش سے ہیٹی میں بھی کچھ نقصان ہوا ہے۔ غربت زدہ ہیٹی کے اس سمندری طوفان کے باعث سب سے زیادہ متاثر ہونے کا خطرہ ہے کیونکہ وہ تاحال 2010 میں آنے والے زلزلے کے باعث ہونے والی تباہی سے نمٹ رہا ہے۔

امدادی ادارے ریڈ کراس کا کہنا ہے کہ ایک اندازے کے مطابق ارما سے متاثر ہونے والے افراد تیزی سے بڑھ کر دو کروڑ 60 لاکھ تک پہنچ سکتی ہے۔

نکاسی آب کا نظام خراب ہونے کے باعث وبائی امراض پھیلنے کا بھی خطرہ درپیش ہے۔

ارما کہاں ہے اور اس کا رخ کس جانب ہے؟

جمعے کو ارما برطانیہ کے زیر انتظام جزائر ٹرکس اینڈ کیکس کے قریب سے گزرا۔ ٹرکس اینڈ کیکس کی مجموعی آبادی 35 ہزار نفوس پر مشتمل ہے اور جزائر کا بلند ترین مقام سطح سمندر سے صرف 163 فٹ کی بلندی پر ہے۔

طوفان کے وہاں پہنچنے سے ذرا پہلے ایک رہائشی نے بتایا کہ ہوا کا دباؤ اتنا کم ہو چکا ہے کہ سانس لینا مشکل ہو گیا ہے۔

گورنر جان فریمن نے بی بی سی کو بتایا کہ نشیبی علاقوں سے لوگوں کو طوفان آنے سے قبل ہی محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا تھا۔

ارما

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنغربت زدہ ہیٹی کے اس سمندری طوفان کے باعث سب سے زیادہ متاثر ہونے کا خطرہ ہے

طوفان نے جزائر کے اس مجموعے کے مرکزی جزیرے گرینڈ ٹرک میں مکانوں کی چھتیں اڑا دیں، بجلی کے کھمبے اکھاڑ دیے جبکہ جزیرے کی گلیاں دریا کا منظر پیش کر رہی ہیں۔

اس کے بعد اندازہ ہے کہ طوفان کا رخ بہاماس کی جانب ہو جائے گا۔ بہاماس کے بعد یہ طوفان کیوبا پہنچے گا اور اختتام ِ ہفتہ پر اس کا نشانہ امریکی ریاست فلوریڈا بنے گی اور امریکی حکام کے مطابق وہاں اس سے بڑی تباہی کا امکان ہے۔

طوفان ارما کے باعث ہیٹی میں بھی بعض عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے، اور سیلاب کے ساتھ ساتھ توانائی کا نظام بھی درہم برہم ہے۔

سمندری طوفان ارما کیوبا سے ہوتا ہوا اتوار کو امریکی ریاست فلوریڈا سے ٹکرائے گا۔

کیوبا کے ساحل پر سیاحتی مقامات پر ہزاروں سیاح موجود ہیں جن کو طوفان سے خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔

برطانیہ، فرانس اور نیدرلینڈ نے طوفان میں ہنگامی حالات پر قابو پانے کے لیے اپنے بحری جہاز بھجوائے ہیں۔

طوفانی لہر