اقوام متحدہ کی پابندیوں پر شمالی کوریا کا امریکہ کو انتباہ

،تصویر کا ذریعہEPA
شمالی کوریا نے اقوام متحدہ کی جانب سے نئی پابندیوں کے بعد امریکہ کو متنبہ کیا ہے کہ وہ جوابی کارروائی کرے گا اور امریکہ کو اس کی قیمت چکانی ہو گی۔
خیال رہے کہ سنیچر کو اقوام متحدہ نے متفقہ طور پر شمالی کوریا کے خلاف پابندیوں کی توثیق کی تھی تاہم شمالی کوریا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی 'کے سی این اے' کے مطابق یہ شمالی کوریا کے استحکام کی خلاف ورزی ہے۔
چین شمالی کوریا کا واحد اتحادی ملک ہے، تاہم اس نے بھی اس قرارداد کے حق میں ووٹ دیا تھا۔ ماضی میں وہ شمالی کوریا کو ویٹو کے ذریعے ضرر رساں پابندیوں سے بچاتا رہا ہے۔
ادھر جنوبی کوریا کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا نے دوبارہ مذاکرات کی پیشکش کو مسترد کر دیا ہے۔
ان نئی پابندیوں کی وجہ سے شمالی کوریا کی برآمدات ایک تہائی تک متاثر ہوگی۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا فیصلہ شمالی کوریا کی جانب سے بار بار میزائل تجربات کے بعد سامنے آیا ہے۔
پیر کو سامنے آنے والے بیان میں شمالی کوریا نے کہا ہے کہ وہ اپنے متنازع جوہری ہتھیاروں کی تیاری کے پروگرام کو جاری رکھے گا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
شمالی کوریا نے اقوام متحدہ کی جانب سے پابندیوں کے ڈرافٹ کی تیاری میں کردار ادا کرنے پر امریکہ کو یہ دھمکی بھی دی ہے کہ اسے اس جرم کی قیمت ہزار بار چکانی ہو گی۔
منیلا میں صحافیوں سے گفتگو میں شمالی کوریا کی حکومت کے ترجمان وانگ ہوک نے کہا کہ 'کوریائی جزیرہ نما میں خراب ہوتی صورتحال اور جوہری ایشوز امریکہ کی وجہ سے پیدا ہوئے۔'
ان کا کہنا تھا کہ ہم اس بات پر قائم ہیں کہ ہم اپنے جوہری اور بیلسٹک پروگرام کے حوالے سے مذاکرات کی میز پر نہیں آئیں گے اور جوہری پروگرام کے حوالے سے ایک انچ پیچھے نہیں ہٹیں گے۔'












