لندن حملے: لندن حملے: مشرقی لندن سے مزید تین افراد گرفتار

،تصویر کا ذریعہUnknown/Met Police
برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں گذشتہ سنیچر کو ہونے والے دہشت گرد حملے کی تحقیقات کے دوران پولیس نے مشرقی لندن میں چھاپہ مار کارروائیاں کی ہیں اور مزید تین افراد کو گرفتار کیا ہے۔
گرفتار کیے جانے والے دو افراد کو دہشت گردی کے شبہے میں جبکہ ایک شخص کو غیرقانونی ادویات کی فراہمی میں ملوث ہونے کے شبہے میں گرفتار کیا گیا ہے۔
لندن حملے کے بعد اب تک کل 17 افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے جبکہ پانچ کو زیرحراست لیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ اس حملے میں آٹھ افراد ہلاک اور 48 زخمی ہوگئے تھے۔ حکام کے مطابق سنیچر کی شب دس بجے کے بعد لندن برج کے علاقے میں ایک سفید رنگ کی ویگن نے راہگیروں کو کچل دیا اور حملہ آوروں نے چاقوؤں سے وار کیے تھے۔
حالیہ گرفتاریاں بدھ کی شب مشرقی لندن میں انسداد دہشت گردی اہلکاروں کی جانب سے کی گئی ہیں۔
میٹروپولیٹن پولیس کا کہنا ہے دو افراد کو الفورڈ کے علاقے سے گرفتار کیا گیا ہے۔ ان میں ایک 27 سالہ شخص کو دہشت گردی کی منصوبہ بندی کے شبہے میں جبکہ ایک 33 سالہ شخص کو کنٹرولڈ ادویات مہیا کرنے کے شبہے میں گرفتار کیا گیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
جبکہ 29 سالہ تیسرے شخص کو بھی الفورڈ کے علاقے س دہشت گردی کی تیاری میں ملوث ہونے کے شبہے میں گرفتار کیا گیا ہے۔

،تصویر کا ذریعہThe Times
پولیس کی جانب سے لندن حملوں میں ملوث تینوں حملہ آوروں کی شناخت ظاہر کی جاچکی ہے۔ ان میں مراکشی نژاد اطالوی شہری یوسف زغبہ، پاکستانی نژاد خرم بٹ اور لیبیائی نژاد راشد رضوان شامل تھے۔
برطانوی نیوز ویب سائٹ دی ٹائمز کی جانب سے شائع ہونے والی ایک سی سی ٹی وی فٹیج میں تینوں حملہ آوروں کو حملے سے پانچ دن قبل پیر 29 مئی کو برطانوی وقت کے مطابق شب 12 بج کر دس منٹ پر بظاہر ملاقات کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
دی ٹائمز کے مطابق سی سی ٹی وی فٹیج میں تینوں شخص بارکنگ کے علاقے میں ایک جم کے باہر ملاقات کر رہے تھے۔
ویڈیو میں راشد رضوان اپنا موبائل زمین پر پھینکتے ہیں اور دیگر حملہ آوروں کے ساتھ چلے جاتے ہیں اور پھر دس منٹ بعد اپنا موبائل اٹھانے دوبارہ آتے ہیں۔
اخبار کے مطابق یہ فٹیج پولیس کو فراہم کر دی گئی ہے۔









