یورپ میں دہشت گردی کے بڑے واقعات

،تصویر کا ذریعہGetty Images
یورپ کے اہم ملک برطانیہ میں ایک دہائی سے زیادہ عرصے کے بعد ایک بار پھر ایک بڑا حملہ ہوا ہے جس میں 19 افراد ہلاک اور 50 سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں۔ یہ ہلاکتیں برطانیہ کے معروف شہر مانچسٹر میں جاری ایک کنسرٹ کے دوران پیر اور منگل کی درمیانی شب ایک دھماکے کے سبب ہوئی ہیں۔
پولیس ابھی معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے اور اسے مبینہ طور پر دہشت گرد حملہ قرار دیا جا رہا ہے۔ اس سے قبل سات جولائی سنہ 2005 میں لندن بم دھماکوں میں چار حملہ آور سمیت 56 افراد ہلاک اور 700 سے زیادہ افراد زخمی ہوئے تھے۔
رواں دہائی کے آغاز کے بعد سے براعظم یورپ کے مختلف ممالک شدت پسندوں کے نشانے پر رہے ہیں۔ یہاں ان حملوں کی مختصر تفصیل دی جا رہی ہے۔

،تصویر کا ذریعہAFP
7 اپریل سنہ 2017، سویڈن
سویڈن کے دارالحکومت سٹاک ہوم میں ٹرک نے کم از کم چار افراد کو کچل کر ہلاک کر دیا تھا جبکہ متعدد اس واقعہ میں زخمی ہوئے تھے۔
ازبکستان سے تعلق رکھنے والے 39 سالہ رحمت عقیلوف نے عدالت میں اس حملے کی ذمہ داری قبول کی۔ سویڈن کی پولیس کا کہنا تھا کہ سکیورٹی اداروں کو ماضی میں رحمت عقیلوف کے بارے میں اطلاعات تھیں۔
پولیس کے مطابق انھیں سویڈن میں رہائش کی اجازت نہیں ملی تھی اور وہ شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرچکے تھے۔
19 دسمبر سنہ 2016، جرمنی

،تصویر کا ذریعہGetty Images
جرمنی کے شہر برلن میں کرسمس مارکیٹ پر ٹرک کے ذریعے ہونے والے حملے 12 افراد ہلاک اور 49 زخمی ہوگئے تھے۔ جنگجو تنظیم دولت اسلامیہ نے کرسمس مارکیٹ پر ٹرک کے ذریعے ہونے والے حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی لیکن ان کے دعوے کی آزاد ذرائع سے تصدیق ممکن نہیں۔
14 جولائی سنہ 2016، فرانس
یورپ کا اہم ملک فرانس جمعرات کو ایک مرتبہ پھر شدت پسندی کے ایک حملے کا نشانہ بنا۔ جنوبی شہرنیس میں حملہ آور نے اپنے ٹرک تلے 84 افراد کو کچل کر ہلاک کر دیا جبکہ اس حملے میں ایک سو سے زیادہ افراد زخمی ہوئے تھے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
28 جون 2016، ترکی

،تصویر کا ذریعہAFP
ترکی کے شہر استنبول کے بین الاقوامی اتاترک ہوائی اڈے پرتین خودکش حملہ آوروں نے دھماکے کیے جن میں 42 افراد ہلاک ہوگئے۔ ہلاک شدگان میں 13 غیرملکی بھی شامل تھے۔
کسی تنظیم نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی تاہم ترکی کے وزیراعظم بن علی یلدرم نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوتا ہے کہ ان حملوں میں خود کو دولتِ اسلامیہ کہنے والی شدت پسند تنظیم ملوث ہے۔
22 مارچ 2016، بیلجیئم

،تصویر کا ذریعہAFP
بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز کا ہوائی اڈہ اور شہر کا میٹرو سٹیشن تین دھماکوں کا نشانہ بنا جو کہ خودکش تھے۔ ان حملوں میں 34 افراد ہلاک ہوئے جبکہ زخمیوں کی تعداد 150 سے زیادہ تھی۔
وزیرِ اعظم شارل میشیل نے ان حملوں کو ملک کی تاریخ کا 'سیاہ لمحہ' قرار دیا۔
13 مارچ 2016، ترکی
اس مرتبہ خودکش حملہ آور کا ہدف ترک دارالحکومت انقرہ کا ایک مصروف اور پرہجوم علاقہ کیزلے تھا۔ دھماکے میں 34 افراد کی جان گئی جبکہ 125 افراد زخمی ہوئے۔ اس حملے کی ذمہ داری کردش فریڈم ہاکس نامی جنگجو گروہ نے قبول کی۔
13 نومبر 2015، فرانس

،تصویر کا ذریعہBELGIUM POLICE
فرانس کا دارالحکومت 13 نومبر کو اس وقت دھماکوں اور فائرنگ سے گونج اٹھا جب شہر کے چھ مقامات پر شدت پسندوں نے ریستورانوں، موسیقی کی تقریب اور فٹبال سٹیڈیم کو نشانہ بنایا۔ ان حملوں میں 130 افراد ہلاک ہوئے جبکہ زخمیوں کی تعداد سینکڑوں میں تھی۔
شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول کی جبکہ فرانسیسی صدر نے اس کے بعد ملک میں ہنگامی حالت نافذ کر دی۔
7 جنوری 2015، فرانس
پیرس میں متنازع سیاسی رسالے چارلی ایبڈو کے دفتر اور ایک یہودی سپر مارکیٹ پر مسلح حملہ آوروں نے سلسلہ وار حملوں میں 17 افراد کو ہلاک کر دیا۔
پہلے سعید اور شریف کواشی نامی دو بھائیوں نے چارلی ایبڈو کے دفتر میں گھس کر فائرنگ کر دی جس سے 12 افراد ہلاک ہوگئے جس کے بعد ایک اور شدت پسند نے ایک یہودی سپر مارکیٹ میں مزید افراد کو نشانہ بنایا۔
یہ تمام حملہ آور پولیس سے مقابلے میں مارے گئے۔
24 مئی 2014، بیلجیئم

،تصویر کا ذریعہReuters
برسلز کے یہودی عجائب گھر میں کلاشنکوف سے مسلح شخص کی فائرنگ سے چار افراد مارے گئے۔ہلاک شدگان میں دو اسرائیلی شہری تھے جبکہ ایک کا تعلق بیلجیئم اور ایک کا فرانس سے تھا۔
حملہ آور کا نام مہدی نموش بتایا گیا جسے بعد ازاں فرانس سے گرفتار کر کے بیلجیئن حکام کے حوالے کر دیا گیا تھا۔ اس کا تعلق شام میں سرگرم شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ سے بتایا گیا۔
19 مارچ 2012، فرانس

،تصویر کا ذریعہGetty Images
شدت پسند تنظیم القاعدہ سے منسلک ہونے کے دعویدار محمد مراح نامی شخص نے فرانس کے جنوبی شہر تولوز میں فائرنگ کر کے یہودی سکول کے تین طلبا، ایک ربی اور تین فوجیوں کو ہلاک کر دیا۔ فرانسیسی پولیس نے 32 گھنٹے کے محاصرے کے بعد حملہ آور کو اس وقت گولی مار کر ہلاک کر دیا جب وہ فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔
22 جولائی 2011، ناروے
ناروے میں دائیں بازو کے شدت پسند نظریات رکھنے والے حملہ آور آنرش بہرنگ بریوک نے پہلے دارالحکومت اوسلو میں ایک بم دھماکہ کیا اور اس کے بعد یوٹویا نامی جزیرے پر نارویجن لیبر پارٹی کے یوتھ کیمپ میں گھس کر فائرنگ کر دی اور ان واقعات میں 77 افراد جان سے گئے جن میں سے بیشتر نوجوان تھے۔
ان حملوں کے بعد بریوک کو حراست میں لے لیا گیا اور عدالت نے مقدمہ چلانے کے بعد انھیں 21 برس قید کی سزا سنائی۔











