روس سے روابط: سابق ایف بی آئی سربراہ تحقیقات کریں گے

،تصویر کا ذریعہReuters
روس کی جانب سے امریکی انتخابات پر اثر انداز ہونے اور ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم سے تعلق کے معاملے کی تحقیقات اب ایف بی آئی کے سابق سربراہ رابرٹ مولر کریں گے۔
رابرٹ مولر کے نام کا اعلان کرتے ہوئے نائب اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ یہ بات عوامی مفاد میں تھی کہ اس کام کے لیے باہر کے آدمی کا انتخاب کیا جاتا۔
امریکہ میں دونوں جماعتوں کے سیاست دانوں کی جانب سے اس تقرری کو سراہا گیا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایف بھی آئی کے حالیہ ڈائریکٹر جیمز کومی کو برطرف کیے جانے کے بعد اس معاملے میں خصوصی پراسیکیوٹر کا مطالبہ بڑھنے لگا تھا۔
ایف بی ائی اور کانگرس ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹیم اور روس کے درمیان ممکنہ تعلق کی چھان بین کر رہے ہیں۔
امریکی خفیہ اداروں کا حیال ہے کہ ماسکو نے امریکی انتخاب کو رپبلکن کے حق میں موڑنے کی کوشش کی۔
رابرٹ مولر کی تعیناتی کے ایک گھنٹے بعد ہی ڈونلڈ ٹرمپ نے پیش گوئی کر دی کہ تحقیقات میں انھیں اور ان کی ٹیم کو بے قصور قرار دیا جائے گا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس سے پہلے وائٹ ہاؤس کا موقف تھا کہ اس معاملے میں باہر کے کسی شخص سے تحقیقات کروانے کی ضرورت نہیں ہے۔
ڈیمو کریٹ پارٹی کے سینیٹر چک شومر کا کہنا ہے کہ ’مولر اس کام کے لیے بالکل مناسب شخص ہیں۔‘
رابرٹ مولر کو اس کام کے لیے وسیع اختیارات حاصل ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا: ’میں یہ ذمہ داری قبول کرتا ہوں اور اس کے لیے اپنی بھرپور صلاحیتیں استعمال کروں گا۔‘










