سویڈن: سٹاک ہوم حملے میں استعمال ہونے والے ٹرک سے ’مشتبہ آلہ‘ برآمد

حملہ

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنپولیس حملے میں استعمال ہونے والے ٹرک کو لے جا رہی ہے

سویڈن کے دارالحکومت سٹاک ہوم میں جمعہ کو ہونے والے دہشت گردی کے واقعے کے بعد پولیس نے بتایا ہے کہ اس حملے میں استعمال ہونے والے ٹرک میں سے ایک ’مشتبہ آلہ‘ برآمد ہوا ہے۔

نیشنل پولیس کمشنر ڈین الیسن کا کہنا ہے کہ یہ 'ٹیکنیکل آلہ' ٹرک میں ڈرائیور کی سیٹ کے نیچے سے ملا ہے۔

نیشنل پولیس کمشنر کا کہنا تھا کہ اس حملے میں ملوث ایک مشتبہ شخص کو شہر کے شمالی حصے سے گرفتار کیا گیا ہے تاہم اس کا نام ظاہر نہیں کیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مشتبہ شخص ازبکستان سے تعلق رکھتا ہے اور سکیورٹی سروسز کی نظر میں تھا۔

خیال رہے کہ جمعے کو ایک ٹرک کو شہر کی مصروف علاقے میں واقع ایک ڈیپارٹمنٹل سٹور سے ٹکرا دیا گیا تھا جس کے نتیجے میں چار افراد ہلاک اور دس زخمی ہوگئے تھے جن میں سے دو کی حالت تشویش ناک ہے۔

سویڈن کی سکیورٹی پولیس کے سربراہ انڈرس تھورنبرگ کا کہنا ہے کہ مشتبہ شخص 'سکیورٹی پولیس کی جانب سے جاری کسی تفتیش' کا حصہ نہیں تھا تاہم ماضی میں اس کے بارے میں خفیہ اطلاعات موجود تھیں۔

حملہ

،تصویر کا ذریعہAFP

پولیس کا کہنا ہے کہ یہ قبل از وقت ہوگا کہ ملنے والا آلہ بم تھا۔ پولیس کمشنر الیسن کا کہنا ہے کہ 'فی الوقت میں یہ نہیں کہہ سکتا کہ یہ بم ہے یا کسی قسم کا کوئی آتشگیر مواد۔'

ان کا کہنا تھا کہ 'ہم اس بارے میں تکنیکی تفتیش کر رہے ہیں۔'

اس سے قبل سویڈن کے وزیرِ اعظم سٹیفن لوفوین نے کہا کہ ہر چیز اس بات کی جانب اشارہ کر رہی ہے کہ یہ دہشت گرد حملہ تھا۔

پولیس نے جمعے کی شام سیکورٹی کیمرے سے بنائی ہوئی ویڈیو جاری کی تھی جس میں مشتبہ شخص کو دکھایا گیا تھا۔ بعد میں پولیس نے تصدیق کی کہ اس شخص کو سٹاک ہوم سے 40 کلو میٹر شمال میں واقع مارسٹا علاقے سے گرفتار کیا گیا۔

پولیس کے تفتیشی اہلکار جان ایوانسن نے بتایا کہ 'ہم نے کئی لوگوں سے تفتیش کی جن پر ہمیں شبہ تھا اور ہم نے ایک شخص کو حراست میں لیا ہے۔'

پولیس کے ترجمان لارس بائی سٹورم نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ 'ہمیں شک ہے کہ جس شخص کو گرفتار کیا ہے اسی نے اس جرم کا ارتکاب کیا ہے۔'

حملہ

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنحملے کے بعد سٹاک ہوم کے مرکزی حصہ کو بند کر دیا گیا تھا

مقامی میڈیا نے پولیس ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ گرفتار ہونے والے شخص کے مارسٹا میں گرفتار ہونے والے ایک اور شخص کے ساتھ روابط تھے۔

واضح رہے کہ واقعہ کے بعد سے سٹاک ہوم کا مرکزی علاقہ بند ہے اور شہر کے ٹرین سٹیشن اور کئی بس روٹس بھی عارضی طور پر بند ہیں۔