نایاب گلابی ہیرے نے نیلامی کے ریکارڈ توڑ دیے

ہیرا

،تصویر کا ذریعہAFP

ہانگ کانگ میں ایک نایاب گلابی ہیرے نے قیمتی پتھروں کی نیلامی کے گذشتہ تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔

نیلامی کے منتظمین کے مطابق 59.6 قیراط کا یہ نایاب ہیرا سات کروڑ دس لاکھ ڈالرز میں فروخت ہوا۔

اطلاعات کے مطابق نیلامی شروع ہونے کے پانچ منٹ کے اندر یہ ہیرا فروخت ہو گیا۔

پنک سٹار نام کا یہ ہیرا دنیا کا سب سے بڑا پالشڈ ہیرا ہے۔

جنیوا میں سنہ 2013 میں ہونے والی ایک نیلامی کے دوران اس ہیرے کی 83 ملین ڈالر بولی لگی تھی تاہم بعد میں اس کا خریدار اس کی قیمت ادا کرنے سے مکر گیا تھا۔

ہیرے فروخت کرنے والے ایک بیوپاری الیگزینڈر بریکنر نے بی بی سی سے بتایا 'یہ انسانی تاریخ کا سب سے بڑا گلابی ہیرا ہے۔ اس کا رنگ اسے ناقابل اعتماد بناتا ہے۔'

گذشتہ سال اوپن ہائمر بلو کےنام سے پہچانا جانے والا ایک ہیرا پانچ کروڑ 60 لاکھ ڈالر کی ریکارڈ قیمت میں فروخت ہوا تھا۔

14.62 قیراط کا یہ ہیرا جنیوا کے کرسٹیز نیلام گھر میں فون پر دی جانے والی بولی میں فروخت ہوا تھا۔