سزائے موت کے تنازع پر امریکی پراسیکیوٹر مقدمات سے الگ

مز آئلہ

،تصویر کا ذریعہHANDOUT

،تصویر کا کیپشنمز آئلہ مرکزی فلوریڈا کے نائنتھ جوڈیشیئل سرکٹ کی منتخب مستغیث ہیں

امریکی ریاست فلوریڈا کے گورنر نے ایک پراسیکیوٹر کو قتل کے 21 مقدمات سے اس وقت ہٹا دیا جب انھوں نے کہا کہ اب وہ کسی کے لیے بھی سزائے موت کا مطالبہ نہیں کریں گی۔

ریپبلکن گورنرر رک سکاٹ نے کہا وہ ایرامس آئلہ کے تمام مقدمات کو دوسروں کے سپرد کر رہے ہیں کیونکہ ان کے بیان سے ایک ناقابل قبول پیغام جاتا ہے۔

مز آئلہ دیموکریٹ ہیں اور اورلینڈو کے واقعات کو دیکھ رہی ہیں۔ انھوں نے ایک مقتول خاتون پولیس کے مقدمے کے بارے میں قانونی افراتفری کا حوالہ دیتے ہوئے مرتکبین کے لیے پھانسی کی سزا کا مطالبہ کرنے سے انکار کیا ہے۔

ان کے فیصلے پر ایک شور برپا ہو گيا ہے۔ لیکن بہت سے ایسے افراد بھی ہیں جو ان کی حمایت کر رہے ہیں اور گذشتہ ہفتے ان کی حمایت میں ریاستی دارلحکومت ٹیلاہیسی میں ریلی بھی نکالی۔

سوموار کو مسٹر سکاٹ نے کہا: سرکاری وکیل آئلہ کا مکمل طور پر سزائے موت سے انکار ایک ناقابل قبول پیغام دیتا ہے کہ وہ انصاف کی لڑائی میں تمام موجود آپشن پر غور کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتیں۔'

مز آئلہ مرکزی فلوریڈا کے نائنتھ جوڈیشیئل سرکٹ کی منتخب مستغیث ہیں۔ انھوں نے گورنر پر اپنے عہدے کا غلط فائدہ اٹھانے اور عدلیہ کی آزادی کو داؤ پر لگانے کا الزام لگایا ہے۔

ریپبلکن گورنرر رک سکاٹ

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنریپبلکن گورنرر رک سکاٹ ریاست میں پھانسی کی سزا کو پھر سے قائم کرنا چاہتے ہیں

انھیں جنوری میں چار سال کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔ جس مقدمے کے نتیجے میں اس تنازعے نے سر ابھارا ہے اس میں ایک شخص پر اورلینڈو کی ایک پولیس افسر کو قتل کرنے کا الزام ہے۔

گذشتہ ماہ جب مز آئلہ نے کہا تھا کہ وہ ملزم مارکیتھ لائڈ کی سزائے موت کے بارے میں غور نہیں کریں گی تو گورنر نے انھیں اس مقدمے سے ہٹا دیا تھا۔

یہ مقدمہ سٹیٹ اٹارنی بریڈ کنگ کو دے دیا گیا اور اب وہ ان 21 مقدمات کو بھی دیکھیں گے جو مز آئلہ سے پیر کو واپس لے لیے گئے۔

خیال رہے کہ فلوریڈا میں گذشتہ 15 ماہ سے سزائے موت پر ایک قسم کا تعطل جاری ہے۔