متحدہ عرب امارات میں ’غیر قانونی جنسی تعلقات‘رکھنے والا جوڑا رہا

،تصویر کا ذریعہCULVERWELL FAMILY
متحدہ عرب امارات میں ’غیر قانونی جنسی تعلقات‘ پر ایک ماہ تک جیل میں رکھنے جانے والے جوڑے کو رہا کر دیا گیا اور ان پر سے تمام الزامات بھی ختم کر دیے گئے ہیں۔
29 سالہ ایملن کلورویل اور 27 سالہ ایرینا نوا کو اس وقت ابو ظہبی میں گرفتار کیا گیا جب ایرینا پیٹ میں درد کے باعث ڈاکٹر کے پاس گئی تو طبی معائنے سے معلوم ہوا کہ وہ حمل سے ہیں۔
واضح رہے کہ کٹر مذہبی خلیجی ریاستوں میں شادی کے بغیر جنسی تعلقات کو غیر قانونی تصور کیا جاتا ہے۔
ایملن کلورویل کی والدہ نے دونوں کی رہائی کی التجا کرتے ہوئے کہا تھا کہ 'دونوں نے واحد غلطی یہ کی کہ انھیں پیار ہو گیا۔'
لینڈا کلورویل نے جنوبی افریقی میڈیا کو بتایا کہ جمعے کو انھیں ان کے بیٹے کی فون کال آئی جس میں انھوں نے بتایا کہ تمام الزامات ختم کر دیے گئے ہیں۔
’میں نہیں جانتی کہ مجھے چیخنا چاہیے یا رونا چاہیے۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انھوں نے ٹائمز لائیو نیوز ویب سائٹ کو دیے انٹرویو میں مزید کہا کہ ’میں اپنے پوتے کے بارے میں سوچ رہی ہوں۔ مجھے خود کو روکنا ہوگا کہ میں انھیں ہر دو منٹ بعد کال نہ کروں۔‘
اس سے قبل نیوز 24 کے مطابق جنوبی افریقہ کی وزارتِ خارجہ کا کہنا تھا کہ وہ جوڑے کی مدد کرنے سے قاصر ہیں کیونکہ یہ متحدہ عرب امارات کے مقامی قوانین کا معاملہ ہے۔
کلورویل اور نوا کو جنوری میں گرفتار کیا گیا تھا تاہم دونوں کی گرفتاری کی خبر اب سامنے آئی۔
کلورویل متحدہ عرب امارات میں گذشتہ پانچ برس سے ملازمت کر رہے تھے۔









