امریکہ اور میکسیکو کے درمیان بننے والی دیوار کا مشہور دیواروں سے موازنہ

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ اپنے وعدے کے مطابق میکسیکو کی سرحد کے ساتھ 3000 کلومیٹر لمبی دیوار بنائیں گے۔

ان کے مطابق کنکریٹ سے بنی یہ دیوار نو سے 16 میٹر اونچی ہوگی۔

رپبلکن پارٹی اور ان کے حامیوں کے مطابق یہ دیوار میکسیکو کے باشندوں کو غیر قانونی طور پر امریکہ داخل ہونے سے روکنے میں مدد دے گی۔

اس وقت امریکہ اور میکیسیکو کی طویل سرحد پر جہاں باڑیں لگی ہوئی ہیں وہیں سرحد کے دفاع کے لیے دونوں طرف سکیورٹی کے بھی انتظامات ہیں۔

تاریخ میں ایسی کئی مثالیں ہیں جہاں دو ملکوں کو علیحدہ کرنے کے لیے بیچ میں دیوار کھڑی کی گئی ہے۔ لیکن امریکہ اور میکسیکو کے درمیان یہ دیوار ان تاریخی دیواروں کے سامنے کیسی ہوگی؟

حُجم اور ناپ کے اعتبار سے دیکھا جائے تو سب سے پہلے بات کرتے ہیں دیوار برلن کی جو کہ 27 برس پہلے توڑ دی گئی تھی۔

تاریخ ہمیں بتاتی ہے کہ جب 1950 اور 1960 کی دہائی میں جب جرمنی دو حصوں میں تقسیم تھا تو اس وقت مغربی جرمنی میں شہریوں کو اگست 1961 کی ایک صبح یہ دھچکا ملا جب انھوں نے دیکھا کہ سوویت زیر کنٹرول مشرقی حصے کی طرف ایک خاردار باڑ لگی ہوئی ہے۔

بعد میں یہ باڑ کنکریٹ سے بنی ساڑھے تین میٹر اونچی دیوار میں تبدیل ہو گئی۔ اس دیوار کی لمبائی 100 کلومیٹر تھی اور اس کے علاوہ مزید 66 کلومیٹر لمبی باڑ نے جرمنی کے دو حصوں کو الگ کیا ہوا تھا۔

ڈونلڈ ٹرمپ کی دیوار اس سے تو لمبی ہوگی لیکن تاریخ کی سب سے لمبی دیوار نہیں ہو سکے گی۔

امریکہ اور میکسیکو کے درمیان سرحد کی لمبائی 3000 کلو میٹر ہے اور اس لیے ڈونلڈ ٹرمپ جتنی بھی کوشش کر لیں ان کی دیوار دیوارِچین سے لمبی نہیں ہو سکتی۔

دیوارِچین کی اصل لمبائی کا تو کسی کو علم نہیں ہے لیکن عمومی طور پر خیال کیا جاتا ہے کہ وہ 20 ہزار کلومیٹر لمبی دیوار تھی جبکہ کچھ جگہوں پر اس کی اونچائی سات میٹر سے بھی زیادہ تھی۔

122 عیسوی میں تعمیر کی جانے والی ہیڈرائن دیوار انگلینڈ اور سکاٹ لینڈ کے بادشاہ ایمپرر ہیڈرائن نے بنوائی تھی اور اس کی لمبائی 117 کلومیٹر جبکہ اونچائی ایک ڈبل ڈیکر بس کے جتنی تھی۔