اٹلی حادثہ: ’امدادی کارکنوں کو زندگی کے آثار نہیں ملے‘

،تصویر کا ذریعہReuters
اٹلی میں امدادی کارکنوں کے مطابق ابروتزو کے علاقے میں زلزلے کے بعد ایک ہوٹل پر برفانی تودہ گرا ہے جس کے بعد وہاں سے تین لاشیں نکالی گئی ہیں اور دیگر 35 افراد کی تلاش ابھی جاری ہے۔
ابروتزو کے علاقے میں ریگوپیانو ہوٹل پر برفانی تودہ گرنے کے بعد زلزلے کے جھٹکوں اور شدید برفباری کے باعث امدادی کاموں میں دشواری ہو رہی ہے۔
امدادی کارکنوں کا کہنا ہے کہ ملبے سے انھیں کوئی آواز سنائی نہیں دے رہی ہے جبکہ سراغ رساں کتے بھی اطلاعات کے مطابق متاثرین تک لے جانے میں ناکام رہے ہیں۔
جس وقت برفانی تودہ گرا تو دو افراد ہوٹل کے باہر تھے جو بچنے میں کامیاب رہے۔
واضح رہے کہ ابروتزو کے علاقے میں بدھ کو زلزلہ آیا تھا اور خیال کیا جارہا ہے کہ یہی برفانی تودہ گرنے کا سبب بنا ہے۔

،تصویر کا ذریعہEPA
کوہ گرین سسو کے قریب واقع اس ہوٹل میں بدھ کی رات سے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ریسکیو ٹیم کے سربراہ انتونیو کروسیتا کا کہنا ہے کہ'بہت ساری ہلاکتیں ہوئی ہیں۔‘
مقامی میڈیا کے مطابق ہوٹل میں تین بچے بھی قیام پذیر تھے اور ہلاک ہونے والے افراد میں یہ بھی شامل ہیں۔
تاہم دیگر حکام کا کہنا ہے کہ ابھی ہلاکتوں کے بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہو گا۔

،تصویر کا ذریعہEPA
فائر بریگیڈ کے ترجمان کے مطابق امدادی کارکنوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے متاثرہ مقام پر اتارا گیا ہے اور انھوں نے وہاں امدادی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔
برفانی تودے سے چھت کا کچھ حصہ گر گیا اور مقامی افراد نے فرنڈولا میں امدادی ہنگامی سروسز کو مطلع کیا۔
تاہم برفباری کے باعث امدادی کارکنوں کو ہوٹل تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا رہا اور اطالوی میڈیا کا کہنا ہے کہ امدادی کارکن مقامی وقت کے مطابق منگل کی صبح چار بجے پہنچے۔

،تصویر کا ذریعہAFP
خیال رہے کہ وسطی اٹلی کے اس پہاڑی علاقے میں بدھ کو چار بار زلزلہ آیا تھا اور اس کے بعد بھی ہلکے جھٹکے محسوس کیے جاتے رہے تھے۔
یہ زلزلہ ایک ایسے وقت میں آیا جب ابروتزو، مارشے، لازیو کے علاقے میں کئی دنوں سے شدید برفباری جاری ہے۔
بہت سارے دیہات تک رسائی میں بھی مشکلات درپیش ہیں۔
علاقے میں پہلے ہی ایک شخص لاپتہ اور ایک اور شخص کی ہلاکت کی اطلاعات تھیں۔
گذشتہ سال اگست میں اسی علاقے میں آنے والے زلزلے میں 298 افراد کی ہلاکت ہوئی تھی۔







