کار چور ریموٹ چابیوں کے لیے جیمرز کا استعمال کر سکتے ہیں

چابی

،تصویر کا ذریعہThink stock

،تصویر کا کیپشنریموٹ چابیوں کے سگنل ریڈیائی لہروں کے ذریعے گاڑیوں تک پہنچتے ہیں

برطانوی میں پولیس نے خبردار کیا ہے کہ چور موٹر وے سروس سٹیشنوں پر پارک کی گئی گاڑیوں کو چرانے کے لیے ریڈیو جیمرز کا استعمال کر رہے ہیں۔

ٹیمز ویلی پولیس کا کہنا ہے کہ جب مالکان ریموٹ سے گاڑی لاک کرتے ہیں تو چور جیمرز کی مدد سے ریموٹ کے سگنل میں خلل ڈال کر گاڑی کو پوری طرح سے لاک ہونے سے روک دیتے ہیں۔

مالک اس اطمینان سے چلا جاتا ہے کہ اس کی گاڑی لاک ہو گئی ہے، لیکن وہ دراصل کھلی ہوتی ہے اور چور اسے لے اڑتے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ حال ہی میں 14 ایسی چھوٹی بڑی گاڑیاں چوری کی گئیں جنھیں چرانے کے لیے انھیں توڑا نہیں گیا۔

پولیس نے گاڑیوں کے مالکان سے کہا ہے کہ گاڑیوں کو چھوڑنے سے پہلے اسے اچھی طرح سے چیک کر کے جائیں کہ گاڑی مکمل طور پر لاک ہے یا نہیں۔

کار

،تصویر کا ذریعہGoogle

،تصویر کا کیپشنپولیس نے گاڑیوں کے مالکان سے کہا ہے کہ گاڑیوں کو چھوڑنے سے پہلے اسے اچھی طرح سے چیک کر کے جائیں

ریموٹ چابیوں کے سگنل ریڈیائی لہروں کے ذریعے گاڑیوں تک جاتے ہیں۔ جیمرز سے ان سگنلوں میں خلل ڈالا جا سکتا ہے اور اس سے گاڑی کے ساتھ رابطہ منقطع ہو سکتا ہے۔

یہ آلہ ایک بڑے احاطے میں استعمال ہو سکتا ہے جس سے چور پوری کار پارکنگ میں کارروائی کر سکتے ہیں۔

چور انتظار کرتے ہیں کہ گاڑی کا مالک ریموٹ چابی سے گاڑی کو لاک کرے اور بنا لاک کی تصدیق کیے چلا جائے اور وہ اس کی گاڑی تک باآسانی رسائی حاصل کر لیں۔

کئی بغیر چابی والی جدید گاڑیاں آسانی سے اس ہتھکنڈے کا شکار بن سکتی ہیں۔