ملائیشیا: وزیراعظم نجیب رزاق کے خلاف مظاہرے

،تصویر کا ذریعہAP
ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں جمع ہونے والے ہزاروں مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ وزیراعظم نجیب رزاق استعفیٰ دیں۔
مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ وزیراعظم ان الزامات کا سامنا کریں جن کے مطابق ان کے انویسٹمنٹ فنڈ ون ایم ڈی بی کے ذریعے اربوں کی دھاندلی کی گئی۔
پولیس کی جانب سے مظاہرے کی اجازت نہ دینے اور کارکنوں کی گرفتاری کے باوجود لوگ کوالالمپور کی سڑکوں پر نکلے ہیں۔
وزیراعظم نجیب نے ان الزامات کی تردید کی ہے اور ان کا کہنا ہے کہ وہ ان مظاہروں سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔ اپنے بلاگ پر وزیراعظم نجیب نے اس مظاہرے کے منتظم گروپ بیرش کو ’دھوکے باز‘ قرار دیا۔
بیرش ملک میں انتخابی عمل کی اصلاح کا مطالبہ کرتا رہا ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ گروپ حزبِ اختلاف کی جماعتوں کا آلہ کار بن گیا ہے جس کی کوشش ہے کہ جمہوری طریقے سے منتخب حکومت کو گرایا جائے۔
تاہم وزیراعظم کے اس دعوے کی تردید کرتے ہوئے بیرش کے نائب چیئرمین شارالامان شاری نے مظاہرین کو بتایا کہ ہم یہاں اس ملک کو تباہ کرنے نہیں آئے، ہمیں اس ملک سے پیار ہے۔ ہم حکومت گرانے نہیں آئے۔ ہم تو حکومت مضبوط کرنے آئے ہیں۔‘
گذشتہ 15 ماہ میں یہ دوسرا موقعہ ہے جب بیرش نے وزیراعظم نجیب کے استعفے کے لیے مظاہرے کیے ہیں۔ مالے زبان میں بیرش کا مطلب صاف ہے۔
بیرش کے چند کارکنان سمیت کئی رہنمائوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ گرفتاریوں کی فوری طور پر انسانی حقوق پر کام کرنے والی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے مذمت کی ہے۔ تنظیم نے فوری طور پر سیاسی کارکنان کی رہائی کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی








