یوسف کی وزیر کھیل سے ملاقات | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستانی بیٹسمین محمد یوسف نے آج لاہور میں وفاقی وزیر کھیل آفتاب شاہ جیلانی سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں محمد یوسف کے پاکستان کی کرکٹ ٹیم میں شمولیت کے امکانات پر بات ہوئی۔ پاکستانی بیٹسمین محمد یوسف جو متنازعہ انڈین کرکٹ لیگ کھیل کر پاکستان کی ٹیم میں اپنی شمولیت داؤ پر لگا چکے ہیں اور بارہا اس بات کا اظہار کر چکے ہیں کہ وہ پاکستان کے لیے کھیلنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے وزیر کھیل سے ملاقات کے بعد بھی اپنی اسی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے انڈین کرکٹ لیگ کے ساتھ معاہدے کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا اس لیگ کی بابت قانون سامنے آیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ابھی بھی ان کی ترجیح پاکستان کے لیے کھیلنا ہے۔ وفاقی وزیر کھیل آفتاب جیلانی کا کہنا تھا کہ انہوں نے محمد یوسف کا مؤقف تفصیل سے سنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ محمد یوسف نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے پیٹرن پاکستان کے صدر آصف زرداری سے انہیں پاکستان کی ٹیم میں کھلانے کی درخواست کی تھی اس لیے انہوں نے مناسب سمجھا کہ صدر پاکستان کو اس مسئلے کی تفصیل بتانے سے پہلے میں اس پر خود تحقیق کر لوں۔ انہوں نے کہا کہ محمد یوسف ایک عظیم کرکٹر ہیں اور وہ پاکستان کے لیے کھیلنا چاہتے ہیں جبکہ پاکستان کی ٹیم کو بھی ان کی ضرورت ہے۔ آفتاب جیلانی کا کہنا تھا کہ وہ اس معاملے کا مشترکہ حل نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن وہ محمد یوسف کو قومی ٹیم میں لانے کے لیے کوئی حتمی تاریخ نہیں دے سکتے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس سلسلے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چئرمین اعجاز بٹ سے بھی بات کر چکے ہیں وہ بھی ان کے لیے ہمدردی رکھتے ہیں لیکن انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا قانون آڑے آیا ہوا ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محمد یوسف کو پاکستان کی ٹیم میں لینے کے خواہاں صرف ایک شرط پر ہیں کہ وہ آئی سی ایل کے ساتھ اپنا معاہدہ ختم کریں جبکہ محمد یوسف کے لیے قانونی طور پر بھی یہ کافی مشکل معاملہ ہے۔ | اسی بارے میں محمد یوسف کرکٹ بورڈ سے مایوس 20 May, 2008 | کھیل محمد یوسف کی اپیل چند روز میں13 June, 2008 | کھیل محمد یوسف کو جرح کا سامنا15 September, 2008 | کھیل پیسے کی چمک نہیں، بورڈ کا رویہ 06 November, 2008 | کھیل یوسف آئی پی ایل نہیں کھیل سکتے03 May, 2008 | کھیل یوسف لنکاشائر سے کھیلیں گے01 May, 2008 | صفحۂ اول یوسف کیس:’دیر پاکستانی بورڈ سے‘26 April, 2008 | کھیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||