چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں نہیں | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے فیصلہ کیا ہے کہ سکیورٹی کے خدشات کے پیش نظر پاکستان چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی نہیں کرے گا۔ آئی سی سی کے بورڈ نے اتوار کو اعلان کیا کہ یہ فیصلہ ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والی ٹیموں کی جانب سے اس تشویش کے اظہار کے بعد کیا گیا ہےکہ وہ پاکستان میں سلامتی کی صورتحال سے مطمئن نہیں ہیں۔ آسٹریلیا کے شہر پرتھ میں ہونے والے دو روزہ اجلاس میں بورڈ نے اپنے اس سابقہ فیصلہ کو بھی بدلا جس کے تحت انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان سن دو ہزار چھ کے متنازعہ اوول ٹیسٹ کا فیصلہ انگلینڈ کی فتح کے بجائے ڈرا میں تبدیل کر دیا گیا تھا۔ یہ وہی ٹیسٹ تھا جس میں پاکستان نے امپائر ڈیرل ہئر کے گیند کی شکل مسخ کرنے کے الزام کے بعد میچ جاری رکھنے سے انکار کر دیا تھا۔اب اس میچ میں انگلینڈ کو فاتح قرار دیا گیا ہے۔ چیمپئنز ٹرافی کرکٹ میں عالمی کپ کے بعد دوسرا سب سے بڑا ٹورنامنٹ ہے جسے گزشتہ برس ایک سال کے لیے ملتوی کر دیا گیا تھا۔ اس کی وجہ یہ تھی کہ آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے خیال میں پاکستان میں سکیورٹی کی صورتحال اطمینان بخش نہیں تھی۔ لیکن اتوار کو بھی آئی سی سی نے کہا کہ کئی ٹیمیں اب بھی مطمئن نہیں ہیں لہذا اس کے پاس یہ مقابلہ کہیں اور کرانے کے سوا کوئی راستہ نہیں ہے۔
لیکن پاکستان کو معاوضہ ادا کیا جائے گا اور آئی سی سی کے مطابق’ اس ٹورنامنٹ کی میزبانی کرکے پاکستان کو جتنی رقم ملتی، وہ اسے حاصل ہوگی۔‘ آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو ہارون لورگت نے ایک بیان میں کہا کہ’ یہ بات افسوس ناک ہے کہ ایسے حالات کی وجہ سے کہ جن پر پاکستان کرکٹ بورڈ کا کوئی کنٹرول نہیں، چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں نہیں کرائی جاسکے گی۔‘ بورڈ نے ابھی یہ فیصلہ نہیں کیا ہے کہ اب یہ ٹورنامنٹ کہاں کرایا جائے گا۔ اس فیصلہ پر ناراضی ظاہر کرتے ہوئے پاکستان کی سینیٹ کی کمیٹی برائے سپورٹس کے رکن انور بیگ نے خبر رساں ادارے اے پی سے کہا کہ ’ پی سی بی نے آئی سی سی کے اجلاس میں اپنا کیس ٹھیک طرح سے پیش نہیں کیا۔‘ سابق کپتان رمیض راجہ نےکہا کہ صاف ظاہر ہے کہ پی سی بی خود کنفیوزڈ ہے۔’ ہمارا موقف بالکل واضح ہونا چاہیے کہ ہم اپنی تمام ہوم سیریز پاکستان میں ہی کھیلیں گے۔‘ اس اجلاس میں یہ اعلان بھی کیا گیا کہ سن دو ہزار دس میں ویسٹ انڈیز میں ہونے والے ٹوئنٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کے میچ کن شہروں میں کھیلے جائیں گے۔ | اسی بارے میں ’چیمپئنز ٹرافی، فیصلہ اس ہفتے20 July, 2008 | کھیل چیمپئنز ٹرافی:کیا سٹیڈیم تیار ہیں04 August, 2008 | کھیل چیمپئنز ٹرافی، نظرثانی شدہ شیڈول13 August, 2008 | کھیل چیمپئنز ٹرافی کا فیصلہ 24گھنٹے میں20 August, 2008 | کھیل چمپیئنز ٹرافی، میچ ایک ہی شہر میں15 October, 2008 | کھیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||