انڈین کرکٹ لیگ، اعجاز بٹ کا عزم | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چئرمین اعجاز بٹ نے ایک بار پھر کہا ہے کہ وہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل پر زور دیں گے کہ کرکٹ لیگ میں کھیلنے والے کھلاڑیوں پر پابندی ختم کی جائے۔ چئرمین پی سی بی نے سری لنکا کے خلاف اب تک ہونے والے دونوں میچز میں شعیب ملک کی کارکردگی کی تعریف کی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی گزشتہ انتظامیہ نے متنازعہ کرکٹ لیگ کے پہلے ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والے چھ پاکستانی کھلاڑیوں پر پابندی عائد کر دی تھی بعد میں مزید سات پاکستانی کھلاڑی بھی اس متنازعہ لیگ کا حصہ بنے ان میں بیٹس مین محمد یوسف بھی شامل ہیں۔اور اب انڈین پریمیر لیگ کھیلنے والے ان تمام کھلاریوں پر پاکستان میں کرکٹ کھیلنے پر پابندی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چئرمین اعجاز بٹ کا کہنا ہے کہ جنوری کے آخر میں آسٹریلیا کے شہر پرتھ میں ہونے والے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے اجلاس میں وہ یہ معاملہ اٹھائیں گے کہ اگر انڈین پریمیر لیگ میں کھیلنے والے کھلاڑیوں کو اپنے ملک کی نمائندگی کی اجازت ہے تو انڈین کرکٹ لیگ میں شرکت کرنے والے بھی اس کے اہل ہونے چاہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھیل کے اصول کے مطابق یہ درست نہیں کہ ایک ملک میں ہونے والے ایک ٹورنامنٹ کو کروانے کی اجازت ہو اور ایسے ہی دوسرے ٹورنامنٹ کو اجازت نہ دی جائے۔اعجاز بٹ کے مطابق وہ بھی اسے درست نہیں سمجھتے۔ اعجاز بٹ کے مطابق وہ سمجھتے ہیں کہ آئی سی ایل میں کھیلنے والے کھلاڑیوں کو بھی اپنے ملک کی نمائندگی کرنے کا پورا حق ہے اور انہیں کھیلنے کی اجازت ملنی چاہیے تاہم اپنے اس مؤقف کے باوجود اعجاز بٹ نے تسلیم کیا کہ جب تک آئی سی سی انڈین کرکٹ لیگ کے کھلاڑیوں کو کھلانے کی اجازت نہ دے پاکستان کرکٹ بورڈ خود ان کھلاڑیوں پر پابندی نہیں اٹھا سکتا۔ کرکٹ بورڈ کے چئرمین کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا میں ہونے والے اجلاس کے دوران وہ آسٹریلوی کرکٹ حکام سے بھی ملاقات کریں گے اور اس میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز پر بات چیت ہو گی۔ انہوں نے بتایا کہ آسٹریلیا نے نیوٹرل وینیو پر کھیلنے کے لیے آمادگی کا اظہار کر دیا ہے اور اس ملاقات میں اس نیوٹرل میدان ہی کی بابت دیگر تفصیلات طے کرنا ہیں۔ اعجاز بٹ نے کہا کہ کپتان کا عہدہ غیر معینہ مدت تک رکھنے میں کوئی حرج نہیں اور وہ نہیں سمجھتے کہ اس سے کپتان پر کوئی دباؤ ہو گا جب تک کپتان اچھی کارکردگی دکھاتا رہے گا وہ اس عہدے پر رہے گا۔اعجاز بٹ کے مطابق سری لنکا کے خلاف دونوں میچز میں شعیب ملک کی کارکردگی بطور کپتان بہتر رہی۔ سری لنکا کے خلاف جاری سیریز میں کراچی میں ہونے والے دو میچز میں پاکستان کی ٹیم نے پہلا میچ جیتا اور دوسرے میچ میں شکست کھائی ہے۔ 24 جنوری کو لاہور میں ہونے والا میچ کھیلنے کے لیے پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیمیں جمعرات کو لاہور پہنچ گئی ہیں۔ | اسی بارے میں پاکستانی کرکٹ ٹیم پر جرمانہ21 January, 2009 | کھیل پاکستان کی ہار، سیریز برابر21 January, 2009 | کھیل عبدالرؤف کو کنٹریکٹ مل گیا11 January, 2009 | کھیل ’سیریز مشکل مگر دلچسپ ہو گی‘14 January, 2009 | کھیل شعیب اختر سے کپتان خوش نہیں22 January, 2009 | کھیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||