پاکستان نے دوسرا میچ بھی جیت لیا | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں 24 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز جیت لی۔ اس جیت کے بعد اتوار کو کھیلا جانے والا تیسرا اور آخری میچ رسمی کارروائی کی حیثیت اختیار کرگیا ہے۔ ویسٹ انڈین بولرز کی عمدہ بولنگ نے پاکستان کو232 رنز پر محدود کردیا تھا لیکن پاکستانی بولرز نے اس اسکور کا کامیابی سے دفاع کرتے ہوئے ویسٹ انڈین اننگز 208 رنز پر سمیٹ دی۔ تجربہ کار بیٹسمین شِو ناارائن چندرپال ایک سو سات رن بناکر آخر تک کریز پر ڈٹے رہے۔ پاکستان کی طرف سے عمرگل نے تین اور سہیل تنویر نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ چار چوکوں کی مدد سے26 رنز بنانے کے بعد دو وکٹیں حاصل کرنے پر سہیل تنویر مین آف دی میچ رہے۔ ویسٹ انڈین ٹیم جیت کے لیے کپتان کرس گیل کی طرف نگاہیں لگائے بیٹھی تھی جنہوں نے پہلے ون ڈے میں شاندار سنچری بنائی تھی لیکن اس بار وہ بغیر کوئی رن بنائے پہلے ہی اوور میں سہیل تنویر کے ہاتھوں بولڈ ہوگئے۔ سیونرائن چترگون کو بھی صفر پر سہیل تنویر نے کامران اکمل کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ چندر پال اور رام نریش سروان کی کریز پر موجودگی بولرز کے لیے خطرہ بنی ہوئی تھی لیکن ان کی 96 رنز کی شراکت شاہد آفریدی نے سروان کو 45 رنز پر ایل بی ڈبلیو کرکے ختم کی۔ چندر پال نے ایک اینڈ سے آٹھ وکٹیں گرتے دیکھیں البتہ انہوں نے اپنی نویں ون ڈے سنچری چھ چوکوں کی مدد سے مکمل کی، 107 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ اس سے قبل جوشیلے تماشائیوں سے بھرے ہوئے شیخ زید کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستانی کپتان شعیب ملک نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پنڈلی کی تکلیف میں مبتلا فاسٹ بولر شعیب اختر دوسرے میچ میں بھی فٹنس ٹیسٹ پاس نہ کرسکے۔ پاکستانی ٹیم فواد عالم اور عبدالرؤف کی جگہ سعید اجمل اور راؤ افتخار کی تبدیلیوں کے ساتھ میدان میں اتری۔ ویسٹ انڈیز نے برینڈن ناش کی جگہ شان فنڈلے کو ٹیم میں شامل کیا۔ یونس خان اور مصباح الحق نے نصف سنچری شراکت کےذریعے صورتحال بہتر کرنے کی کوشش کی لیکن یونس خان پانچ چوکوں کی مدد سے 34 رنز بناکر پاول کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔اسوقت پاکستان کا اسکور58 رنزتھا۔ کپتان شعیب ملک صرف 10 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے۔ مصباح الحق نصف سنچری مکمل کرنے کے فوراً بعد52 کے انفرادی اسکور پر ملر کی گیند پر پاول کو کیچ دے گئے تو پاکستان کا اسکور پانچ وکٹوں پر125 رنز تھا۔ پہلے میچ میں پاکستان کو کامیابی سے ہمکنار کرنے والے کامران اکمل اور شاہد آفریدی کی وکٹ پر موجودگی سے ایک بڑے اسکور تک پہنچنے کی امید تھی لیکن اکتالیسویں اوور میں کامران اکمل کی وکٹ بھی گرگئی۔ انہیں45 کے اسکور پر بیکر نے بولڈ کیا۔ شاہد آفریدی کے آؤٹ ہونے پر اسٹیڈیم میں خاموشی چھاگئی۔ وہ چوبیس گیندوں پر ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے28 رنزبناکر ٹیلر کی گیند پر وکٹ کیپر کارلٹن باف کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔ سہیل تنویر نے بیس گیندوں پر26 رنز کی اننگز کھیلی جس میں چار چوکے شامل تھے۔ ویسٹ انڈیز کی طرف سے جیروم ٹیلر اور ڈیرن پاول نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان: سلمان بٹ، خرم منظور، یونس خان، مصباح الحق، شعیب ملک (کپتان)، سعید اجمل، شاہد آفریدی، کامران اکمل، سہیل تنویر، عبدالرؤف اور عمر گل۔ ویسٹ انڈیز: کرس گیل (کپتان)، ایس چیٹرگُون، مارشل، ساروان، چندرپال، ایس سی فنڈلی، سی ایس بوغ، جیروم ٹیلر، ملر، ڈیرن پاؤل، بیکر۔ | اسی بارے میں پاکستان چار وکٹوں سے جیت گیا12 November, 2008 | کھیل پاکستانی کرکٹ ٹیم ابو ظہبی روانہ09 November, 2008 | کھیل ’اختر چار منٹ میں اوورمکمل کریں‘11 November, 2008 | کھیل انگلینڈ کی ٹیم کو بھاری شکست14 November, 2008 | کھیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||