ٹونٹی ٹونٹی کے لیے ٹیم کا اعلان | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
دس اکتوبرسے کینیڈا میں شروع ہونے والے چار ملکی ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کے لیے پاکستان کی پندہ رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ مڈل آڈر بیٹس مین محمد یوسف کا نام ٹیم میں شامل نہیں جبکہ فاسٹ بالر شعیب اختر ٹیم میں جگہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔ کینیڈا کے سفارت خانے نے محمد یوسف کو ویزہ جاری نہیں کیا اور اسی لیے وہ ٹیم میں جگہ حاصل نہیں کر سکے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے میڈیا ڈاریکٹر منصور سہیل کے مطابق کینیڈا کے سفارت خانے نے محمد یوسف کو ویزہ دینے سے انکار نہیں کیا بلکہ انہوں نے ان کے ویزے کی درخواست پر غور کرنے کے لیے وقت مانگا ہے اور چونکہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے چار ملکی ٹورنامنٹ کے لیے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب روانہ ہونا ہے اس لیے ٹیم کے اعلان کے لیےمزید انتظار ممکن نہیں تھا۔ پاکستان کی ٹیم کے اعلان میں تاخیر کی ایک وجہ تو یہی تھی جبکہ منصور سہیل کے مطابق سلیکشن کمیٹی لاہور میں جاری قومی ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کے مزید میچز دیکھ کر ٹیم کا انتخاب کرنا چاہتی تھی۔ فاسٹ بالر شعیب اختر جن کے بارے میں پہلے پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیم میں شمولیت عدالت کے فیصلے کے ساتھ مشروط ہے۔ لیکن اب انہیں ستر لاکھ کا جرمانہ ادا کیے بغیر ہی ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے۔ شعیب اختر کے ضمن میں یہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے مؤقف میں یو ٹرن آیا ہے۔ پی سی بی نے عدالت میں ایک درخواست بھی دی ہے کہ عدالت عالیہ ان کی رہنمائی کرے کہ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں شعیب اختر کو ٹیم میں شامل کرنا چاہیے۔ شعیب اختر کے کیس کی سماعت بدھ آٹھ اکتوبر کو ہو رہی ہے جبکہ اس سے پہلے ہی شعیب اختر کو ٹیم میں جگہ مل گئی۔ اوپننگ بیٹس مین ناصر جمشید ٹیم میں شامل نہیں ان کی جگہ نوجوان اوپنر کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے شعیب خان کو شامل کیا گیا ہے۔ شعیب خان نے جاری ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ٹیم: شعیب ملک(کپتان)، مصباح الحق، سلمان بٹ، یونس خان، شاہد آفریدی، کامران اکمل، سہیل تنویر، شعیب اختر، عمر گل، فواد عالم، سہیل خان، خالد لطیف، عبدالرؤف، شعیب خان اور انور علی۔ | اسی بارے میں شعیب: ٹوئنٹی/20، شمولیت مشروط04 October, 2008 | کھیل ’شعیب کھیل سکتے ہیں‘23 September, 2008 | کھیل پاکستان ٹیم کے اعلان میں تاخیر06 October, 2008 | کھیل اعجاز بٹ پی سی بی کےنئےچیئرمین07 October, 2008 | کھیل پاکستان ون ڈے دبئی میں کھیلے گا25 September, 2008 | کھیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||