آصف: رہائی میں تاخیر، ٹیم سے باہر | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر شفقت نغمی نے کہا ہے کہ فاسٹ بالر محمد آصف کی ممکنہ رہائی میں مزید دو تین دن لگ سکتے ہیں جبکہ آصف کو سہ فریقی سیریز کے لیے بنگلہ دیش جانے والی پاکستانی ٹیم سے ڈراپ کر دیا گیا ہے ۔ محمد آصف اتوار کی صبح سے دبئی ائرپورٹ پر حراست میں ہیں جہاں ان کے قبضے سے ایک ایسی شے برآمد ہوئی تھی جس پر حکام کو شک ہے کہ یہ منشیات کے زمرے میں آسکتی ہے۔ شفقت نغمی نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاملہ ائرپورٹ پراسیکیوٹر سے پبلک پراسکیوٹر کے پاس جائے گا اور اس کی صوابدید پر ہوگا کہ وہ اسے عدالت میں بھیجے یا نہیں اور اس تمام صورتحال میں دو تین دن لگ سکتے ہیں۔ یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات میں شاہی خاندان کے ایک فرد کی موت کے بعد اس وقت تین دن کا سرکاری سوگ منایا جا رہا ہے۔ شفقت نغمی نے ان اطلاعات کو غلط قرار دیا کہ محمد آصف کے خلاف الزامات ختم کر دیے گئے ہیں اور وہ پہلی دستیاب فلائٹ سے پاکستان واپس آ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ محمد آصف پر ابھی تک فرد جرم ہی عائد نہیں کی گئی چنانچہ الزامات ختم کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ شفقت نغمی نے کہا کہ محمد آصف کے پیشاب کے نمونے اور ان کے قبضے سے برآمد ہونے والی مشکوک شے کی تجزیاتی رپورٹ کا بھی انتظار ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے محمد آصف کی رہائی کی کوششوں میں مدد کے لیےدبئی کی ایک قانونی فرم کی خدمات حاصل کر رکھی ہیں جس کے ایک وکیل اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے نمائندے نے محمد آصف سے حراستی مرکز میں ملاقات بھی کی تھی۔ ادھر محمد آصف کو سہ فریقی ون ڈے سیریز کھیلنے کے لیے بنگلہ دیش جانے والی پاکستانی کرکٹ ٹیم سے بھی ڈراپ کر دیا گیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین صلاح الدین صلو نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ محمد آصف کی جگہ فاسٹ بولر سہیل خان کو ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ | اسی بارے میں محمد آصف دبئی میں زیرِ حراست03 June, 2008 | کھیل شعیب پر دو آصف پر ایک سال01 November, 2006 | کھیل آصف سزا کے خلاف اپیل کریں گے03 November, 2006 | کھیل شعیب اختر، محمد آصف بری05 December, 2006 | کھیل ’کرکٹ بورڈ نےاثرانداز ہونا چاہا‘09 December, 2006 | کھیل کرکٹرز میں چرس عام ہے: رضوی 21 October, 2006 | کھیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||