محمد آصف دبئی میں زیرِ حراست | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستانی فاسٹ بالر محمد آصف کو مبینہ طور پر منشیات رکھنے کے الزام میں دبئی ائرپورٹ پر حکام نے حراست میں لے لیا ہے۔ پچیس سالہ محمد آصف پیر کو بھارت میں ہونے والے آئی پی ایل ٹورنامنٹ کے بعد براستہ دبئی پاکستان واپس آ رہے تھے کہ دبئی کے ہوائی اڈے پر تلاشی کے دوران ان کے پاس سے مبینہ طور پر ممنوعہ شے برآمد ہوئی۔ بی سی پی کے چیف آپریٹنگ افیسر شفقت نغمی نے لاہور میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ محمد آصف کے معاملے کے بارے میں ابھی صورتحال واضح نہیں ہے اور ان کے خلاف تاحال چارج شیٹ داخل نہیں کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات بھی واضح نہیں کہ محمد آصف سے برآمد ہونے والی شے کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ’ ہم پرامید ہیں کہ یہ سارا معاملہ ایک غلطی یا پھر غلط فہمی کا نتیجہ ہے‘۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے اپنے ڈائریکٹر ہیومن ریسورسز ندیم اکرم کو دبئی بھیجا ہے اور دبئی کی ایک قانونی فرم کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں۔ محمد آصف کو دبئی ائرپورٹ پر ہی قائم حراستی مرکز میں رکھا گیا ہے اور شفقت نغمی کے مطابق ندیم اکرم اور محمد آصف کے وکیل نے حراستی مرکز میں آصف سے ملاقات بھی کی ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس معاملے کے حل کے لیے متحدہ عرب امارات میں تعینات پاکستانی سفیر سے بھی رابطہ کیا گیا ہے۔ اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کے عہدیدار ندیم اکرم نے دبئی سے بی بی سی کو بتایا تھا کہ’محمد آصف کا یورین ٹیسٹ لیا گیا ہے اور ان کے بٹوے سے برآمد ہونے والی ممنوعہ شے کو ٹیسٹ کے لیے لیبارٹری بھیجا گیا ہے‘۔ محمد آصف سے برآمد ہونے والی منشیات کے بارے میں پاکستانی ذرائع ابلاغ سے متضاد خبریں موصول ہو رہی ہیں جبکہ خبر رساں ادارے اے ایف پی نے پی سی بی کے ہی ایک عہدیدار کے حوالے سے خبر دی ہے کہ آصف کو دبئی ائر پورٹ پر افیون رکھنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ اکتوبر سنہ 2006 میں محمد آصف پر ممنوعہ دوا نیندرولون کے استعمال کی پاداش میں ایک برس کی پابندی لگائی گئی تھی جو کہ اپیل کے نتیجے میں دو ماہ بعد اٹھا لی گئی تھی۔ | اسی بارے میں شعیب پر دو آصف پر ایک سال01 November, 2006 | کھیل آصف سزا کے خلاف اپیل کریں گے03 November, 2006 | کھیل شعیب اختر، محمد آصف بری05 December, 2006 | کھیل ’کرکٹ بورڈ نےاثرانداز ہونا چاہا‘09 December, 2006 | کھیل کرکٹرز میں چرس عام ہے: رضوی 21 October, 2006 | کھیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||