 | | | شعیب اختر کے پہنچنے سے آئی پی ایل مقابلوں کی دلچسپی بڑھ سکتی ہے |
انڈین پریمیئر لیگ میں شاہ رخ خان کی ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈرز کو پاکستان کے تیز رفتارگیند باز شعیب اختر کے میچ کھیلنے کا انتظار ہے۔ شعیب اختر کولکتہ پہنچ چکے ہیں۔ پاکستانی اپلیٹ ٹریبیونل کی طرف سے شعیب اختر پر عائد پابندی کو ایک ماہ کے لیے معطل کرنے کے بعد آئی پی ایل نے انہیں ٹورنامنٹ میں کھیلنے کی اجازت دی ہے۔ اطلاعات کے مطابق شعیب اختر کا منگل کو کولکتہ میں فٹنس ٹیسٹ ہوگا اور اگر سب کچھ درست رہا تو وہ جمعرات کو آئی پی ایل کے لیے پہلا میچ کھیل سکیں گے۔ کولکتہ نائٹ رائیڈرس کی ٹیم کا اگلا اہم مقابلہ بنگلور کی رائل چیلنجر سے ہے۔ ٹیم میں شامل آسٹریلیا کے کپتان رکی پونٹگ واپس جاچکے ہیں اور ٹیم مستقل چار میچ ہار چکی ہے۔ امکان ہے کہ اگلے میچ کے لیے شعیب اختر کو ٹیم میں جگہ مل سکتی ہے۔ عمرگل اس ٹیم میں پہلے ہی سے اچھی گیند بازی کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور محمد حفیظ گیند بازی اور بلے بازی دونوں میں اپنی جگہ مضبوط کر چکے ہیں۔ شاہ رخ خان کی ٹیم میں سب سے زیادہ پاکستانی کھلاڑیوں کو جگہ ملی ہے اور بلے باز سلمان بٹ بھی اوپننگ کر چکے ہیں اب دیکھنا یہ ہے کہ شعیب کی شروعات کیسی ہوتی ہے۔ کرکٹ ماہرین کے مطابق تقریباً ایک ماہ کی غیر حاضری کے بعد آئی پی ایل میں شعیب اختر کا آنا اور خاص جگہ بنانا آسان نہیں ہوگا کیونکہ اس ٹورنامنٹ کا ابتدائی دلچسپ مرحلہ تقریباً اختتام کو پہنچ چکا ہے۔ |