مناء رانا بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور |  |
 | | | ’شعیب اختر نے قانونی نوٹس کا کوئی جواب نہیں دیا‘ |
پاکستان کرکٹ بورڈ نے لاہور کی ایک عدالت میں فاسٹ بالر شعیب اختر کے خلاف 22 کروڑ روپے کے ہرجانے کا دعویٰ دائر کر دیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے وکیل تفضل حسین رضوی کا کہنا ہے کہ شعیب اختر کو کرکٹ بورڈ کے چئرمین کے خلاف غلط اور بے بنیاد الزامات لگانے پر قانونی نوٹس پہلے ہی بھجوایا گیا تھا۔ اس نوٹس کے جواب کے لیے چودہ دن کی لازمی مدت ختم ہو گئی لیکن شعیب اختر نے کوئی جواب نہیں دیا اس لیے اس مدت کے ختم ہونے کے بعد پی سی بی نے ان کے خلاف مقدمہ دائر کر دیا ہے۔ شعیب اختر کے خلاف مقدمہ حنا مظفر کی عدالت میں دائر کیا گیا ہے اور اس کی پہلی سماعت کل یعنی سنیچر کی صبح ہو گی۔ یاد رہے کہ شعیب اختر پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی ڈسپلنری کمیٹی نے نظم وضبط کی خلاف ورزی کرنے پر شعیب اختر پر پانچ سال کی پابندی عائد کی تھی جس کے بعد شعیب اختر نے ایک نجی ٹیلی ویژن پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چئرمین پر کھلاڑیوں سے کمیشن لینے کا الزام عائد کیا تھا۔ |