ہندوستان:ہاکی میں رشوت کا الزام | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ہندوستان کی ہاکی فیڈریشن آئی ایچ ایف کے سیکریٹری کے جیوتی کمارن نے ان الزامات کے بعد استعفیٰ دیدیا ہے کہ انہوں نے پانچ لاکھ روپے کے عوض ایک کھلاڑی کو قومی ٹیم میں شامل کرانے کا وعدہ کیا تھا۔ خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق جیوتی کمارن نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔ فیڈریشن کے صدر کے پی ایس گل نے اے ایف پی کو بتایا کے انہوں نے جیوتی کمارن کا استعفا منظور کر لیا ہے۔ ’جیوتی کمارن نے مجھ سے فون پر بات کی اور مجھے بتایا کہ انہوں نے استعفا دیدیا ہے۔ ان کا اس وقت تک فیڈریشن سے کوئی واستہ نہیں ہوتا جب تک یہ الزامات غلط ثابت نہیں ہوجاتے۔‘ الزام ہندوستانی ٹی وی چینل ’آج تک‘ کی جانب سےایک سٹنگ آپریشن کے بعد لگایا گیا ہے۔ چینل کے مطابق اس کے صحافیوں نے مسٹر جیوتی کمارن سے یہ کہہ کر رابطہ کیا تھا کہ ان کا تعلق ایک صنعتی گھرانے سے ہے اور وہ ہندوستان میں ایک بین الاقوامی ہاکی ٹورنامنٹ کرانا چاہتے ہیں۔
چینل نے اپنی رپورٹ میں الزام لگایا ہے کہ جیوتی کمارن نے اس کے صحافیوں سے پانچ لاکھ روپے کے عوض ایک کھلاڑی کو سلطان ازلان شاہ ٹورنامنٹ کے لیے ہندوستانی ٹیم میں شامل کرانے کا وعدہ کیا تھا۔ یہ معاملہ منگل کو لوک سبھا میں بھی اٹھایا گیا جہاں اراکین پارلیمنٹ نے الزامات کی باقاعدہ تفتیش کرانے اور فیڈریشن کی کارروائی میں وفاقی حکومت کی جانب سے مداخلت کا مطالبہ کیا۔ (ہاکی فیڈریشن ایک خود مختار ادارہ ہے) لیکن مسٹر گل نے اے ایف پی کو بتایا کہ ’ یہ شرمناک بات ہے۔ میرے پاس اس کی مذمت کرنے کے لیے الفاظ نہیں۔ انہیں پیسے لیتے ہوئے دکھایا گیا۔ اب میرے لیے کہنے کو کیا باقی ہے۔‘ ہندوستان کی ہاکی فیڈریشن کو حال ہی میں سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے کیونکہ قومی ٹیم تاریخ میں پہلی مرتبہ اولمپکس کھیلوں کے لیے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہی ہے۔ |
اسی بارے میں کرکٹ کا جشن، ہاکی کھلاڑی ناراض26 September, 2007 | کھیل کھلاڑی سیاست سے لاتعلق15 February, 2008 | کھیل بھارتی ہاکی ٹیم اولمپکس سے باہر10 March, 2008 | کھیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||