اولمپک مشعل بدھ کو پاکستان میں | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بیجنگ اولمپکس کی مشعل منگل اور بدھ کی درمیانی شب مسقط سے اسلام آباد پہنچ رہی ہے جسے بدھ کے روز ایک رنگارنگ تقریب میں روشن کیا جائے گا۔ حکومت پاکستان اور پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے مشعل کی پاکستان آمد اور اس سلسلے میں ہونے والی تقریب کو یادگار بنانے کے لیے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹننٹ جنرل (ریٹائرڈ) عارف حسن نے بی بی سی کو بتایا کہ مشعل لے کر دوڑنے والوں میں ملک کے نامور کھلاڑی، سینئر سٹیزن اور سپیشل کھلاڑی بھی شامل ہوں گے۔ اس قافلے کی کل تعداد پینسٹھ ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مشعل کا سفر لیاقت جمنیزیم میں ہونے والی رنگارنگ تقریب سے اختتام پذیر ہوگا جہاں بنائی گئی بڑی مشعل کو روشن کیا جائے گا جس کے بعد آتش بازی کا پروگرام ہوگا اور کلچرل شو ہوگا جس میں پاکستان کی ثقافت کو اجاگر کیا جائے گا۔ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر نے اولمپک مشعل کے سفر کے دوران لندن اور پیرس میں پیش آنے والے واقعات کے تناظر میں یہ واضح کر دیا کہ پاکستان میں اس طرح کے ہنگاموں کا کوئی خطرہ نہیں ہے کیونکہ پاکستان اور چین کے تعلقات مثالی ہیں اور وہ نہیں سمجھتے کہ سکیورٹی کا کوئی مسئلہ کھڑا ہو سکتا ہے۔ اس کے باوجود سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر سے جب یہ پوچھا گیا کہ مشعل روشن کرنے والا خوش قسمت کھلاڑی کون ہوگا تو انہوں نے کہا کہ یہ تقریب کے موقع پر ہی سب کو معلوم ہوگا کیونکہ اسی تجسس میں اس تقریب کی خوبصورتی ہے۔ تاہم معلوم ہوا ہے کہ اولمپک مشعل کو مہمان خصوصی کے حوالے کرنے والے کھلاڑی کے طور پر سکواش کے سابق عالمی چیمپئن جہانگیر خان کا انتخاب عمل میں آیا ہے۔ بیجنگ اولمپکس کی مشعل پاکستان میں تقریباً بائیس گھنٹے رہے گی جس کے بعد اس کا اگلا پڑاؤ نئی دہلی ہے جہاں سے یہ بینکاک، کوالالمپور، جکارتا، کینبرا، نگانو، سئول، پیانگ یانگ، ہوچی من سٹی، ہانگ کانگ اور مکاؤ سے ہوتی ہوئی چین میں داخل ہو جائے گی۔ بیجنگ اولمپکس کی مشعل کے سفر کے لیے انیس ممالک کا انتخاب کیا گیا تھا جن میں پاکستان شامل ہے۔ 1964 کے ٹوکیو اولمپکس کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ اولمپک مشعل پاکستان سے گزرے گی۔ |
اسی بارے میں مشعل سے انکار: درد کا رشتہ یافریب 13 April, 2008 | کھیل بان کی مون بیجنگ نہیں جائیں گے11 April, 2008 | کھیل | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||