BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
آر ایس ایس کیا ہے
آر ایس ایس کیا ہے
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Saturday, 08 December, 2007, 12:44 GMT 17:44 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
انداز جو جے سوریا کےساتھ چلا گیا

سنتھ جے سوریا
جے سوریا کے بارے میں سب کرکٹ پنڈت متفق ہیں کہ انہوں نے ون ڈے کی بیٹنگ کو ایک نیا انداز دیا۔
جارحانہ انداز میں بیٹنگ کے لیے مشہور سنتھ جے سوریا کے لیے بالآخر وہ گھڑی آ پہنچی کہ وہ فیصلہ کریں کہ باعزت ریٹائرمنٹ کی پیشکش قبول کرلیں یا ٹیم سے باہر ہونے کے لیے تیار ہوجائیں۔ انہوں نے ’برطرفی‘ کی بجائے باعزت طریقے سے میدان چھوڑنے میں ہی عافیت جانی۔

انگلینڈ کے خلاف کینڈی ٹیسٹ جے سوریا کا الوداعی میچ ثابت ہوا جس کی دوسری اننگز میں انہوں نے اپنے مخصوص انداز میں کھیلتے ہوئے78 رنز بنائے لیکن ان کی رخصتی مرلی دھرن کے عالمی ریکارڈ کے شور میں چھُپ گئی اور وہ خاموشی کے ساتھ چلے گئے۔

سنتھ جے سوریا نے گزشتہ سال بھی ون ڈے کیریر جاری رکھنے کی خواہش کے ساتھ ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا لیکن ان کی واپسی کچھ اس طرح ہوئی تھی کہ جب سلیکٹروں نے انہیں انگلینڈ کے دورے پر بھیجا تو وہاں پہلے سے موجود سری لنکن ٹیم کی اکثریت اور منیجمنٹ انہیں خوش آمدید کہنے کے لیے تیار نہیں تھی۔

حالیہ کچھ برسوں سے جے سوریا ٹیسٹ میچوں میں بجھے بجھے سے نظر آرہے تھے۔ تین سال قبل پاکستان کے خلاف فیصل آباد میں ڈبل سنچری اور کراچی میں سنچری کے بعد سے وہ سولہ ٹیسٹ میچوں میں تین ہندسوں کی کوئی اننگز نہ کھیل سکے البتہ محدود اووروں کی کرکٹ میں وہ دیکھنے والوں کے لیے وہی پرانے جے سوریا تھے۔

نئی کرکٹ
 ابتدائی پندرہ اووروں میں ان کی بیٹنگ بالکل ایسی ہی تھی جیسے عام حالات میں آخری پندرہ اووروں میں کی جاتی ہے
مائیک ایتھرٹن
جے سوریا کے بارے میں تمام ہی کرکٹ پنڈت اس بات پر متفق ہیں کہ انہوں نے ون ڈے کی بیٹنگ کو ایک نیا انداز دیا۔

1996ورلڈ کپ میں جے سوریا اپنے اس جارحانہ انداز سے حریف بولروں پر اس طرح حملہ آور ہوئے کہ انہیں اپنا بچاؤ کرنا مشکل ہوگیا۔ ابتدائی اووروں میں فیلڈروں کے دائر ے میں رہنے کا فائدہ بیٹنگ کس طرح اٹھاسکتی ہے جے سوریا نے یہ دنیا کو بتادیا۔ اس انداز کو بعد میں تمام ٹیموں نے اپنی حکمت عملی کا حصہ بنا لیا۔

جے سوریا اس دور کے کرکٹر ہیں جس میں میتھیو ہیڈن، ایڈم گلکرسٹ اور شاہد آفریدی جیسے طوفانی بیٹسمین نظر آتے ہیں لیکن جے سوریا نے ہمیشہ اپنی الگ شناخت بنائے رکھی۔

کئی ریکارڈ سنتھ جے سوریا کے نام ہوئے جن میں سے کچھ ٹوٹ چکے ہیں اور کچھ پر ابھی بھی انہی کا نام درج ہے۔

جے سوریا نے اپنی جارحانہ بیٹنگ سے دنیا کو اپنا گرویدہ بنایا۔ ان کی صلاحیتوں کے معترف صرف عام شائقین ہی نہیں ہیں بلکہ ان کے ساتھ کھیلے ہوئے کرکٹر اور مبصرین بھی ہیں۔

سچن تندولکر نے جے سوریا کی انگلینڈ کے خلاف340 رنز کی شاندار اننگز کے بعد کہا تھا کہ انہوں نے سر ڈان بریڈمین کو کبھی کھیلتے نہیں دیکھا لیکن اپنے سامنے جن کرکٹروں کو انہوں نے دیکھا ان میں جے سوریا اس لحاظ سے نمایاں ہیں کہ ان کی بیٹنگ سب سے الگ ہے۔ کبھی کبھار قسمت بھی ان کا ساتھ دیتی ہے لیکن وہ جس طرح بولنگ پر حاوی ہوکر کھیلتے ہیں انہیں قسمت کی زیادہ ضرورت نہیں پڑتی۔

1996 کے ورلڈ کپ میں اپنے خلاف جے سوریا کی جارحانہ بیٹنگ کے بعد انگلینڈ کے کپتان مائیک ایتھرٹن یہ کہنے پر مجبور ہوگئے تھے کہ ابتدائی پندرہ اووروں میں ان کی بیٹنگ بالکل ایسی ہی تھی جیسے عام حالات میں آخری پندرہ اووروں میں کی جاتی ہے۔

اسی بارے میں
جے سوریا کے دس ہزار
10 August, 2005 | کھیل
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد