اپنے ٹیسٹ کیریئر پر ناز ہے: جے سوریا | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
سنتھ جے سوریا کے لیئے ٹیسٹ کرکٹ کو خیرباد کہنے کا فیصلہ آسان نہ تھا لیکن اب جب وہ یہ فیصلہ کرچکے ہیں تو ان کے خیال میں انہیں کوئی پچھتاوا نہیں بلکہ جب وہ اپنے کیریئر پر نظرڈالتے ہیں تو انہیں خوشی محسوس ہوتی ہے۔ پاکستان کے خلاف پیر سے شروع ہونے والا کینڈی ٹیسٹ سری لنکا کے سابق کپتان اور جارحانہ انداز میں بیٹنگ کے لیئے شہرت رکھنے والے جےسوریا کا ایک سو دوواں اور آخری ٹیسٹ ہے۔ بی بی سی سے بات کرتے ہوئے جے سوریا کا کہنا ہے کہ وہ فٹ ہیں اور ابھی مزید ٹیسٹ کرکٹ کھیل سکتے ہیں لیکن وہ چاہتے ہیں کہ اس مرحلے پر نوجوان کھلاڑی کے لیئے جگہ چھوڑدی جائے تاکہ وہ مستقبل کے لیئے تیار ہو سکے۔ جے سوریا کا کہنا ہے کہ انہیں ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنے کا افسوس ہے لیکن پچھتاوا نہیں کیونکہ انہوں نے اپنے ملک کے لیئے جو بھی ممکن ہوا کیا اور سری لنکن کرکٹ کے ساتھ ان کی خوشگوار یادیں وابستہ ہیں۔ جے سوریا سے جب ٹیسٹ کرکٹ میں ان کی چند اچھی اننگز کے بارے میں پوچھا گیا تو چہرے پر سجی مسکراہٹ کے ساتھ سادہ طبیعت کے مالک جے سوریا نے اپنے مخصوص دھیمے لہجے میں کہا کہ پاکستان کے خلاف سیریز سے قبل وہ فارم میں نہیں تھے اور ان پر زبردست دباؤ تھا۔ اس مرحلے پر انہوں نے فیصل آباد ٹیسٹ میں 253 رنز اسکور کیئے اور کراچی کے اگلے ہی ٹیسٹ میں سنچری بنائی۔ انگلینڈ کے خلاف اوول پر 212 کی اننگز بھی انہیں یاد ہے اور پھر بھارت کے خلاف پریماداسا اسٹیڈیم میں روشن مہانامہ کے ساتھ ٹیسٹ کرکٹ کی سب سے بڑی شراکت قائم کرتے ہوئے انہوں نے340 رنز کی جو اننگز کھیلی وہ انہیں ہمیشہ یاد رہے گی۔
اس سوال پر کہ اپنے الوداعی ٹیسٹ کو کس طرح یادگار بنانے کا ارادہ ہے، جے سوریا کہتے ہیں کہ ہر ٹیسٹ کے لیئے وہ ایک ہی سوچ رکھتے آئے ہیں کہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہے، لہذا اسی سوچ کے ساتھ وہ کینڈی ٹیسٹ کھیلیں گے۔ پاکستان اور سری لنکا کے کپتانوں نے جے سوریا کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انضمام الحق کا کہنا ہے کہ جے سوریا اپنے انداز کے منفرد بیٹسمین ہیں جنہوں نے جارحانہ بیٹنگ کو نیا اسلوب دیا۔ انضمام کا کہنا تھا کہ’ون ڈے میں تیز سکورنگ تو ہورہی تھی جے سوریا نے اس انداز کوٹیسٹ کرکٹ میں بھی متعارف کرایا۔ سری لنکن کرکٹ کے لیئے جے سوریا کی شاندار خدمات ہیں‘۔ مہیلا جے وردھنے کہتے ہیں کہ’جے سوریا کے وسیع تجربے سے نوجوان کرکٹرز جن میں وہ بھی شامل تھے بہت مستفید ہوئے۔ وہ ایک نفیس انسان ہیں۔ یہ ہمارے لیئے جذباتی لمحہ ہے ہم کوشش کریں گے کہ انہیں اچھے نتیجے اور خوشگوار یادوں کے ساتھ ٹیسٹ کے پانچویں دن الوداع کہیں‘۔ | اسی بارے میں جےسوریا، ٹیسٹ کرکٹ کو الوداع31 March, 2006 | کھیل وولمر سیریز میں فتح کے خواہشمند01 April, 2006 | کھیل شعیب ملک کی سنچری، میچ ڈرا30 March, 2006 | کھیل جے سوریا، واس کی واپسی کی امید22 March, 2006 | کھیل سری لنکا سوریا اور واس کے بغیر 16 March, 2006 | کھیل ورلڈ کپ جیت کی دسویں سالگرہ17 March, 2006 | کھیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||