پہلا ٹیسٹ: یوسف اِن، پولاک آؤٹ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
انڈین کرکٹ لیگ سے ناتا توڑ کر ایک بار پھر پاکستانی کرکٹ سے تعلق جوڑ لینے والے محمد یوسف کو جنوبی افریقہ کےخلاف پہلے ٹیسٹ کے لیے پندرہ رکنی سکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔ دوسری جانب جنوبی افریقہ کے آل راؤنڈر شان پولاک پہلے ٹیسٹ کی ٹیم سے ڈراپ کیے جانے پر سخت مایوس دکھائی دیتے ہیں۔ جنوبی افریقہ اور پاکستان کے درمیان پہلا ٹیسٹ یکم اکتوبر سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شروع ہوگا۔ چیف سلیکٹر صلاح الدین صلو نے جمعہ کو پیٹرنز الیون اور جنوبی افریقہ کے درمیان سہ روزہ میچ کے دوران جس ٹیسٹ سکواڈ کا اعلان کیا اس میں سابق کپتان انضمام الحق شامل نہیں ہیں۔ چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ انہوں نے انضمام الحق سے فون پر رابطہ کیا تھا اور سابق کپتان نے پہلے ٹیسٹ میں اپنی عدم دستیابی سے آگاہ کیا۔ اس سوال پر کہ کیا دوسرے ٹیسٹ میں انضمام الحق کی سلیکشن پر غور کیا جائے گا۔ صلاح الدین صلو نے کہا کہ اگر وہ دستیاب ہوئے تو یقیناً ایسا کیا جائےگا۔ انضمام الحق سے چیف سلیکٹر کے رابطے اور ان کی دستیابی معلوم کرنے سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ ان کے انڈین لیگ سائن کرنے کے باوجود انہیں ایک موقع اور دینا چاہتا ہے۔
ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں عمدہ بیٹنگ لیکن بھارت کے خلاف دونوں میچوں میں پاکستان کو جیت سے ہمکنار کرنے میں ناکام رہ جانے والے مصباح الحق چار سال بعد پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ انہوں نے آخری بار 2003ء میں بنگلہ دیش کے خلاف کراچی ٹیسٹ کھیلا تھا۔ ا وپننگ بیٹسمین توفیق عمر بھی سلیکٹرز کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔ وہ آخری بار گزشتہ سال انگلینڈ کے خلاف ہیڈنگلے ٹیسٹ کھیلےتھے۔ سلمان بٹ کے آؤٹ آف فارم ہونے کے بارے میں سوال پر چیف سلیکٹر نے کہا کہ وہ ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں جانے سے پہلے بھرپور فارم میں تھے اور انہیں امید ہے کہ وہ اپنی فارم دوبارہ حاصل کرلیں گے۔ وکٹ کیپر کامران اکمل کے بارے میں چیف سلیکٹر نے کہا کہ وہ باصلاحیت وکٹ کیپر ہیں لیکن سلیکشن کمیٹی دیگر وکٹ کیپرز سرفراز احمد، ذوالقرنین اور سلمان پر بھی نظر رکھے ہوئے ہے۔
ادھر جنوبی افریقی آل راؤنڈر شان پولاک کے لیے کراچی ٹیسٹ کی ٹیم سے ڈراپ کیے جانے کا فیصلہ ناقابل یقین اور حیران کن ہے اور وہ اس فیصلے پر سخت مایوس دکھائی دیتے ہیں۔ جنوبی افریقہ نے پہلے ٹیسٹ کے لیے حتمی ٹیم کا اعلان نہیں کیا ہے تاہم کوچ مکی آرتھر نے شان پولاک کو بتا دیا ہے کہ وہ یہ ٹیسٹ نہیں کھیل رہے ہیں۔ 34 سالہ شان پولاک نے جمعہ کے روز نیشنل بینک سپورٹس کمپلیکس میں جاری سہ روزہ میچ کے دوران پریس کانفرنس کی اور ٹیم سے ڈراپ کیے جانے کے فیصلے پر مایوسی ظاہر کی۔ ان کا کہنا تھا کہ107 ٹیسٹ پر محیط کیریئر میں یہ پہلا موقع ہے کہ انہیں ٹیم سے ڈراپ کیا گیا ہے۔ شان پولاک کا کہنا تھا کہ مکی آرتھر نے انہیں بتایا کہ یہاں کی وکٹیں ان کے لیے موزوں نہیں لہذٰا کم از کم پہلے ٹیسٹ میں وہ نہیں کھیل سکیں گے۔ پولاک نے جو 416 وکٹوں کے ساتھ جنوبی افریقہ کے سب سے کامیاب ٹیسٹ بولر ہیں واضح کر دیا کہ وہ نہیں سمجھتے کہ برصغیر کی وکٹوں پر ان کا کوئی کردار نہیں ہو سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں گیند اور بیٹ دونوں کے ساتھ ان کی کارکردگی اچھی رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہوسکتا ہے کہ دوسرے ٹیسٹ میں انہیں کھیلنے کا موقع ملے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے خلاف ہوم گراؤنڈ پر ان کی کارکردگی بہت اچھی رہی تھی اور وہ ایک میں مین آف دی سیریز بھی رہے تھے۔ اس سوال پر کہ ان کا کیرئر مزید کتنے عرصے جاری رہے گا؟ پولاک نے کہا کہ وہ عمر کے اس حصے میں اپنی کرکٹ کو سیزن بہ سیزن کے لحاظ سے آگے بڑھا رہے ہیں۔ جنوبی افریقہ کے خلاف کراچی ٹیسٹ کے لئے اعلان کردہ پاکستانی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ شعیب ملک( کپتان) محمد حفیظ۔ سلمان بٹ۔ توفیق عمر۔ یونس خان۔ محمد یوسف۔ مصباح الحق۔ یاسرحمید۔ فیصل اقبال۔ کامران اکمل۔ محمد آصف۔ عمرگل۔ دانش کنیریا۔عبدالرحمن اور راؤ افتخار۔ |
اسی بارے میں یوسف:انڈین لیگ سےمعاہدہ ختم27 September, 2007 | کھیل کراچی: جنوبی افریقہ 294 رنز، پانچ آؤٹ27 September, 2007 | کھیل جنوبی افریقہ کی ٹیم پاکستان پہنچ گئی26 September, 2007 | کھیل پاکستانی کرکٹ میں نئی روح: اشرف24 September, 2007 | کھیل | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||