یوسف و آصف ایوارڈز کیلیے نامزد | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بین الاقوامی کرکٹ کمیٹی، آئی سی سی، نے اس سال کے ایوارڈز کے لیے نامزدگیوں کا اعلان کر دیا ہے۔ آسٹریلیا کے رکی پونٹنگ اور سری لنکا کے مہیلا جے وردھنے کی سب سے زیادہ یعنی چار شعبوں میں نامزدگی ہوئی ہے۔ پاکستان کے محمد یوسف اور محمد آصف آئی سی سی ایوارڈز2007 کے لئے نامزد ہوئے ہیں۔ محمد یوسف کی نامزدگی تین مختلف کیٹگریز میں ہوئی ہے جن میں بہترین ٹیسٹ کھلاڑی، بہترین ون ڈے کھلاڑی اور سال کا بہترین کھلاڑی شامل ہیں۔ یہ ایوارڈز مجموعی طور پر آٹھ کیٹگریز میں دیے جائیں گے جن میں بہترین ٹیسٹ کھلاڑی، بہترین ون ڈے کھلاڑی، سال کا بہترین کھلاڑی، بہترین ابھرتا ہوا کھلاڑی، بہترین کپتان، بہترین امپائر، بہترین خاتون کرکٹر اور بہترین ایسوسی ایٹ کرکٹر کے ایوارڈز شامل ہیں۔ آئی سی سی ایوارڈ کی یہ تقریب دس ستمبر کو جوہانسبرگ میں منعقد ہوگی۔
کھلاڑیوں کی کارکردگی کی بنیاد پر یہ نامزدگیاں آئی سی سی نے ایک سلیکشن پینل کے ذریعے کی ہیں جن میں سنیل گاوسکر، اقبال قاسم، الیک سٹیورٹ، کرس کینز اور گیری کرسٹن شامل تھے۔ محمد یوسف نے اس عرصے میں صرف دس اننگز میں پانچ سنچریوں اور دو نصف سنچریوں کی مدد سے944 رنز بنائے ہیں۔گزشتہ سال محمد یوسف نے کیلنڈر سال میں سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز بنانے کا نیا عالمی ریکارڈ بھی قائم کیا تھا۔محمد آصف نے اس عرصے کے دوران صرف چار ٹیسٹ میچوں میں24 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ آئی سی سی کے بہترین ٹیسٹ کرکٹر کے ایوارڈ کے لیے بیس نامزدگیاں کی گئی ہیں جبکہ انیس کرکٹرز ون ڈے کے بہترین کرکٹر کے ایوارڈ کے لیے نامزد ہوئے ہیں۔
سال کے بہترین کرکٹر کے ایوارڈ کے لیے جن کھلاڑیوں میں مقابلہ ہے ان میں محمد یوسف، شیونرائن چندرپال، میتھیوہیڈن، مائیکل ہسی، مہیلا جے وردھنے، جیک کالس، گلین میک گرا، متایا مرلی دھرن، کیون پیٹرسن، رکی پونٹنگ اور کمار سنگاکارا شامل ہیں۔ بہترین امپائر کی دوڑ میں تین سال سے یہ ایوارڈ جیتنے والے سائمن ٹافل، مارک بینسن، سٹیو بکنر اور ڈیرل ہارپر شامل ہیں۔ غور طلب بات یہ ہے کہ پچھلے سال نامزد ہونے والے پاکستان کے علیم ڈار کو اس مرتبہ شامل نہیں کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ علیم ڈار کو ورلڈ کپ فائنل کی تکنیکی غلطی کے سبب ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی امپائرنگ نہیں دی گئی ہے البتہ ان کے ساتھی اسٹیو بکنر آئی سی سی ایوارڈ کے لیے نامزد ہوئے ہیں۔ نامزد کیے جانے والے کھلاڑیوں میں سے انعام کے حقداروں کا انتخاب چھپن افراد پر مشتمل ایک پینل کی ووٹنگ سے ہو گا۔ اس پینل میں دس آئی سی سی کے کُل وقتی ارکان کے کپتان، دس الیٹ امپائرز، آٹھ الیٹ میچ ریفری اور ماضی کے عظیم کھلاڑیوں اور ذرائع ابلاغ سے تعلق رکھنے والی اٹھائیس شخصیات ہوں گی۔
نامزدگیوں کی تفصیل کے مطابق رِکی پونٹنگ کی نامزدگی ’سال کا بہترین کرکٹر‘ ’سال کا بہترین ٹیسٹ کھلاڑی‘ کے علاوہ ’ ایک روزہ میچوں کا بہترین کھلاڑی‘ اور ’سال کا بہترین کپتان‘ کے شعبوں میں ہوئی ہے۔ توقع ہے کہ 2006 کے سال کے بہترین کپتان قرار دیے جانے والے جے وردھنے اس سال بھی یہ اعزاز جیت جائیں گے۔ آئی سی سی ایوارڈز کے لیے نو اگست 2006 تا آٹھ اگست 2007 کے درمیانی عرصے میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سامنے رکھا گیا۔ ان بارہ ماہ میں کرکٹ کی دنیا میں خاصی گہما گہمی رہی کیونکہ عالمی کپ کے مقابلے بھی اسی دوران ہوئے۔ منگل کو ممبئی میں نامزدگیوں کا اعلان کرتے ہوئے آئی سی سی کے سربراہ میلکم سپیڈ نے کہا کہ مذکورہ بارہ ماہ کے دوران کھیلی جانے والی کرکٹ میں اتنا کچھ شامل تھا کہ مجھے قطعاً کوئی حسد نہیں کہ میں ایوراڈز کے حقداروں کا انتخاب کرنے والی کمیٹی میں شامل کیوں نہیں۔‘ ان کا کہنا تھا کہ ’اس عرصہ کے دوران انڈیا میں آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے سنسنی خیز مقابلے بھی ہوئے جس میں رکی پونٹنگ نے مسلسل تیسری مرتبہ یہ ٹرافی اٹھائی اور اس عرصہ میں اگر پونٹنگ، ہیڈن، پیٹرسن، سنگاکارا، محمد یوسف نے رنز کے انبار لگا دیے تو بولنگ میں گلین میگرا، مرلی دھرن، شین وارن کے علاوہ شان ٹیٹ اور مونٹی پنیسر نے شاندار کارکردگی دکھائی۔‘ نامزدگیوں کا اعلان کرتے ہوئے میلکم سپیڈ نے ایشز میں آسٹریلیا کی فتح، جنوبی افریقہ اور انگلینڈ میں انڈیا کی ٹیسٹ سیریز میں جیت، عالمی کپ کے مقابلوں میں انڈیا اور جنوبی افریقہ کے خلاف بنگلہ دیش کی فتوحات، پاکستان اور بنگلہ دیش کی خلاف آئر لینڈ کی شاندار کارکردگی کا بطور خاص ذکر کیا۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||