’بیجنگ ٹورنامنٹ تیاری میں مددگار‘ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستانی ہاکی ٹیم کے مینیجر و چیف کوچ اصلاح الدین کا کہنا ہے کہ بیجنگ میں ہونے والا چار قومی ہاکی ٹورنامنٹ ان کے کھلاڑیوں کو اولمپکس کی تیاری کا اچھا موقع فراہم کرے گا۔ پاکستانی ٹیم ہفتے کو بیجنگ روانہ ہو رہی ہے جہاں وہ آٹھ اگست سے شروع ہونے والے چار قومی ٹورنامنٹ میں حصہ لے گی۔ اس ٹورنامنٹ میں پاکستان، چین، ملائشیا اور اولمپک چیمپیئن آسٹریلیا شریک ہیں۔ یہ ٹورنامنٹ اسی آسٹروٹرف پر ہوگا جس پر آئندہ سال اولمپکس کے میچ کھیلے جائیں گے۔ اصلاح الدین نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آسٹریلیا کی موجودگی میں یہ ایک اچھا ٹورنامنٹ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ چاروں ٹیمیں ایشین سٹائل سے تیز کھیلتی ہیں اور دفاعی انداز نہیں اپناتیں لہٰذا تیز ہاکی دیکھنے میں آئے گی۔ اصلاح الدین نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کو بیجنگ اولمپکس کے لیے تیار کیا جا رہا ہے اور وہ سمجھتے ہیں کہ زیادہ سے زیادہ میچز کھیلنے سے کھلاڑیوں کو تجربہ ملے گا اور ان کے اعتماد میں بھی اضافہ ہوگا۔ پاکستانی ٹیم کے منیجر نے کہا کہ روس میں ہونے والے ٹورنامنٹ میں کامیابی سے ٹیم کا مورال بلند ہوا اور اس دوران جو خامیاں سامنے آئیں انہیں کیمپ میں دور کرنے کی کوشش کی گئی اور یہ عمل جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پنالٹی کارنر، فزیکل فٹنس اور گول سکورنگ میں اضافے جیسے شعبوں پر مستقل کام ہو رہا ہے۔ اصلاح الدین نے کہا کہ پنالٹی کارنر کے ماہر عمران وارثی کے نہ ہونے سے فرق پڑے گا۔ وہ کندھے میں تکلیف کے سبب دو ماہ کے لئے ہاکی سے باہر ہوگئے ہیں تاہم انہوں نے توقع ظاہر کی کہ دوسرے کھلاڑی اس کمی کو پورا کرنے کی کوشش کرینگے اور عمران وارثی فٹ ہوکر ٹیم میں واپس آجائیں گے۔ چیمپئنز ٹرافی میں شرکت سے آسٹریلوی ٹیم کے انکار کے بارے میں اصلاح الدین کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کو اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی ایچ کے سکیورٹی وفد کے پاکستان کے دورے اور اسے سکیورٹی کی دی گئی یقین دہانی کے بعد آسٹریلیا کا انکار سمجھ سے باہر ہے۔ | اسی بارے میں دورۂ چین کیلیے ہاکی ٹیم کا اعلان29 July, 2007 | کھیل ’ کمزورٹیم سے میچ تربیت سے بہتر‘30 June, 2007 | کھیل پاکستان ایشاء کپ کھیلے گا27 July, 2007 | کھیل ’آسٹریلوی انکار دوہرا معیار ہے‘24 July, 2007 | کھیل ’حب الوطنی پر شک نہ کیا جائے‘21 July, 2007 | کھیل پاکستان ہاکی فیڈریشن کا یوٹرن18 July, 2007 | کھیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||