انڈیا چیپل کے نئے کردار کا متمنی | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
انڈیا کی خواہش ہے کہ مستعفی ہونے والے آسٹریلوی کوچ گریگ چیپل کی خدمات اب ٹیم کے لیے ایک مشیر کی حیثیت سے لے لی جائیں۔ چیپل نے بورڈ آف کرکٹ کنٹرول کے اہلکاروں کو اپنی ٹیم کے ورلڈ کپ سے شروع ہی میں باہر ہو جانے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ واضح رہےکہ ورلڈ کپ کے ابتدائی میچوں میں بنگلہ دیش اور سری لنکا سے شکست کے بعد انڈین ٹیم سپر ایٹ میں نہ پہنچ سکی اور پہلے ہی راؤنڈ میں ورلڈ کپ سے باہر ہو گئی تھی۔ کرکٹ بورڈ کی طرف سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے ’بطور کوچ انہیں احساس ہے کہ وہ ٹیم کی خراب کارکردگی کے ذمہ دار ہیں۔‘ بیان میں کہا گیا ہے کہ گریگ چیپل نے انڈین ٹیم کی خامیوں کی نشاندہی کی ہے اور اسے بہتر بنانے کے مشورے دیے ہیں۔ چیپل نے نوجوان کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کرنے اور فٹنس پر توجہ دینے زور دیا تاکہ فیلڈنگ اور وکٹ کے درمیان رننگ میں بہتری لائی جا سکے۔ گریگ چیپل نے اس ہفتے کے آغاز میں اپنے استعفیٰ کا اعلان کر دیا تھا حالانکہ ان کا معاہدہ اس مہینے کے آخر میں ختم ہونا تھا۔ انڈیا کے کرکٹ بورڈ کے نام ایک خط میں انہوں نے نجی وجوہات کو استعفیٰ کا سبب بتایا تھا۔ گریگ چیپل کا کہنا تھا کہ وہ اپنا عہدہ نجی وجوہات اور ذاتی مسائل کے باعث چھوڑ رہے ہیں تاہم انہیں امید ہے کہ آنے والے سالوں میں انہیں انڈین ٹیم کی تربیت کی ذمہ داری سونپی جائے گی۔ بورڈ کے اہلکاروں کو دی گئی ان کی رپورٹ میں کسی انفرادی کھلاڑی کا ذکر نہیں کیا گیا لیکن ایسی بھی اطلاعات ہیں کہ جب سے ٹیم ویسٹ انڈیز سے واپس آئی ہے چیپل کئی سینیئر کھلاڑیوں کے رویوں سے خوش نہیں ہیں۔ بی سی سی آئی کے صدر شرد پوار نے چیپل کی ’پروفیشنل اپروچ‘ کی پذیرائی کی اور خواہش کا اظہار کیا کہ چیپل طویل مدتی منصوبوں پر عمل درآمد کروانے میں مدد دیں۔ ٹیم کے کپتان راہول ڈراوڈ اور چیف سیلیکٹر دلیپ ونگسارکر نے بھی میٹنگ میں حصہ لیا۔ گریگ چیپل 48 ٹیسٹ میچوں میں آسٹریلیا کی کپتانی کے فرائض سر انجام دے چکے ہیں اور انہوں نے مئی 2005 میں انڈیا کے کوچ کا عہدہ سنبھالا تھا۔ | اسی بارے میں گریگ چیپل مستعفی ہو گئے04 April, 2007 | کھیل چیپل اور کھلاڑیوں میں رسہ کشی04 April, 2007 | کھیل کھیل کو کھیل کیوں نہیں رہنے دیتے؟19 March, 2007 | کھیل شکست پر بھارتی شائقین برہم18 March, 2007 | کھیل کوچ گریگ چیپل کی پٹائی 22 January, 2007 | کھیل بنگال کے شیر کی ٹیم میں واپسی02 December, 2006 | کھیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||