ایشین گیمز سے زیادہ توقعات نہیں | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پندرہویں ایشین گیمز اب صرف چند دن دور ہیں۔ پاکستان یکم سے پندرہ دسمبر تک قطر کے شہر دوحا میں ہونے والے ایشیائی کھیلوں کے سب سے بڑے مقابلے کے بائیس ایونٹس میں شرکت کررہا ہے جن میں صرف چند ہی کھیل ایسے ہیں جن میں پاکستانی کھلاڑیوں سے اچھی کارکردگی کی توقع کی جارہی ہےمگرطلائی تمغوں کا حصول پھر بھی یقینی نہیں۔ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹننٹ جنرل (ریٹائرڈ) عارف حسن کا کہنا ہے کہ ایشین گیمز کا معیار انتہائی بلند ہے اور پاکستانی کھلاڑیوں سے ساؤتھ ایشین گیمز جیسی کارکردگی کی توقع نہیں کی جاسکتی۔ محدود وسائل میں رہتے ہوئے پاکستانی کھلاڑیوں کی تیاری پر توجہ دی گئی ہے اور انہیں امید ہے کہ کھلاڑی اطمینان بخش کارکردگی دکھائیں گے۔ لیفٹننٹ جنرل( ریٹائرڈ) عارف حسن کے مطابق جب تک پاکستان میں کھیلوں کے ڈھانچے کو منظم نہیں کیا جائے گا پچاس اور ساٹھ کے عشرے جیسے نتائج سامنے نہیں آسکیں گے۔ ایشین گیمز میں ہاکی پاکستان کی سب سے بڑی امید رہی ہے لیکن دوحا میں ہونے والے ہاکی مقابلوں میں پاکستان ایک نئی ہاکی ٹیم کے ساتھ شریک ہے اس کی وجہ پانچ تجربہ کار کھلاڑیوں کا قومی ٹیم کی بجائے بیرون ملک لیگ ہاکی کو ترجیح دینا تھا۔ دوحا میں پاکستانی ہاکی ٹیم کو جنوبی کوریا، بھارت، جاپان اور ملائیشیا کے سخت چیلنج کا سامنا ہے۔ کوچ شہناز شیخ کا کہنا ہےکہ تجربہ کار کھلاڑیوں کے نہ ہونے کے باوجود وہ اپنی ٹیم کو فائنل میں دیکھ رہے ہیں۔ دوحا میں پاکستان کی طلائی تمغہ جیتنے کی امیدوں کو اپنے تجربہ کار باکسر مہراللہ لاسی پر عائد کردہ چھ ماہ کی پابندی سے دھچکا پہنچا ہے۔ان کے ساتھی باکسر فیصل کریم بھی پابندی کی زد میں آئے ہیں جس کا سبب اگست میں کولمبو میں ہونے والے ساؤتھ ایشین گیمز میں ممنوعہ ادویات کا استعمال ہے۔ دوحا میں ویٹ لفٹنگ اور سنوکر میں پاکستان کو طلائی تمغے مل سکتے ہیں۔ ویٹ لفٹنگ میں یہ امید شجاع الدین سے وابستہ ہے جنہوں نے اس سال میلبرن میں ہونے والے کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ میڈل جیتا ہے۔ سنوکر میں پاکستان نے انگلینڈ میں مقیم پروفیشنل کیوسٹ شوکت علی کی خدمات حاصل کی ہیں جنہوں نے آٹھ سال قبل بنکاک میں منعقدہ ایشین گیمز میں طلائی تمغہ جیتا تھا۔ بنکاک میں پاکستان نے اسکواش میں بھی گولڈ میڈل زرک جہاں خان کے ذریعے حاصل کیا تھا لیکن بوسان میں ملائیشین چیلنج نے اسے چاندی کے تمغے میں تبدیل کردیا۔ دوحا میں بھی پاکستانی کھلاڑیوں سے کسی کارنامے کی توقع نہیں رکھی جارہی البتہ پاکستانی کھیلوں کے حکام کشتی رانی میں چونکادینے والے نتیجے کی توقع ضرور رکھے ہوئے ہیں۔ اس کھیل میں بھی پاکستان نے ماضی میں نمایاں کامیابیاں سمیٹی ہیں۔ ریسلنگ میں بھی شاندار ماضی گزارنے کے بعد پاکستان دو عشروں سے ایشین گیمز میں طلائی تمغہ حاصل نہیں کرسکا ہے۔ اسی طرح ایتھلیٹکس میں بھی پاکستانی ایتھلیٹس کی کامیابیاں قصۂ پارینہ بن چکی ہیں۔ | اسی بارے میں انضمام :’ ڈرا سے اعتماد ملا ہے‘23 November, 2006 | کھیل آسٹریلیا کی برتری 626 ہو گئی25 November, 2006 | کھیل نابیناؤں کا عالمی فٹبال کپ شروع 24 November, 2006 | کھیل ملتان: پاکستان نے ٹیسٹ بچالیا23 November, 2006 | کھیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||