بلے بازی بچپن کی محبت ہے: چندرپال | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ٹیسٹ میچوں کی سنچری مکمل کرنے والے ویسٹ انڈین بلے باز شیو نرائن چندر پال کا کہنا ہے کہ نوعمری سے ہی انہیں بلے بازی سے محبت ہوگئی اور وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ اس میں کمی کی بجائے اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ملتان میں کھیلا جانے والا موجودہ ٹیسٹ سیریز کا دوسرا میچ بتیس سالہ چندر پال کے کیرئیر کا سواں ٹیسٹ میچ ہے۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا ’بیٹنگ سے ان کی محبت میں ذرا بھر بھی کمی نہیں آئی بلکہ اب وہ اس سے زیادہ لطف اندوز ہورہے ہیں‘۔ چندرپال اس سنگ میل تک پہنچنے والے دنیا کے بیالسویں اور ویسٹ انڈیز کے آٹھویں ٹیسٹ کھلاڑی ہیں۔ ویسٹ انڈیز میں ان کے علاوہ کلائیو لائیڈ، ویوین رچرڈز، گورڈن گرینج، ڈیسمنڈ ہینز، کورٹنی والش، کارل ہوپر اور برائن لارا یہ اعزاز حاصل کرچکے ہیں۔ چندر پال کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ میچوں کی سنچری مکمل کرنے پر انہیں خوشی ہے، لیکن انہیں اس بات کا بھی افسوس ہے کہ ان کا کیریئر فٹنس مسائل کی وجہ سے اتار چڑھاؤ کا شکار رہا۔ شیو نرائن چندر پال کا تعلق گیانا میں واقع ماہی گیروں کے ایک گاؤں سے ہے۔ بارہ سال قبل انہوں نے انگلینڈ کے خلاف اپنے ہوم گراؤنڈ بورڈا جارج ٹاؤن میں اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلا تو ان کی خوشی چھپائے نہیں چھپ رہی تھی۔اس میچ میں چندر پال نے نصف سنچری بنائی۔ اسی سیریز کے انٹیگا ٹیسٹ میچ میں جب برائن لارا نے سرگیری سوبرز کا365 رنز کا عالمی ریکارڈ توڑا تو چندر پال ان کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔ چندر پال اسے ایک یادگار لمحہ قرار دیتے ہیں اور جب برائن لارا نے پہلی مرتبہ ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز کی قیادت کی تو اس میچ میں چندر پال نے اپنی پہلی ٹیسٹ سینچری اسکور کی۔ چندر پال کا کہنا تھا کہ انہوں نے سو ٹیسٹ میچ کھیلنے کے بارے میں سوچ رکھا تھا اور اب وہ اپنے لیے نیا ہدف مقرر کرینگے، جس کے بارے وہ فی الحال کسی کو کچھ نہیں بتائیں گے۔ چندر پال دوسال قبل انگلینڈ کے خلاف لارڈز ٹیسٹ میں سنچری اور ستانوے رنز کی اننگز اور جنوبی افریقہ کے خلاف بورڈا میں ڈبل سنچری کا اپنے کیریئر کے یادگار لمحات کے طور پر ذکر کرتے ہیں۔ ویسٹ انڈیز کی ڈومیسٹک کرکٹ میں انہیں اپنی وہ ٹرپل سنچری بھی یاد ہے جو انہوں نے سبائنا پارک میں جمیکا کے خلاف بنائی تھی، جس کے بالنگ اٹیک میں کورٹنی والش بھی شامل تھے۔ چندر پال پاکستان کے وسیم اکرم اور آسٹریلیا کے شین وارن کو سب سے مشکل بولر قرار دیتے ہیں۔ ملتان ٹیسٹ سے پہلے ننانوے ٹیسٹ میچوں کی ایک سو ستر اننگز کھیل کر چندرپال نے چودہ سنچریوں اور انتالیس نصف سنچریوں کی مدد سے چھ ہزار چھ سے سترہ رنز بنائے ہیں۔ | اسی بارے میں گیل اور گنگا کے سامنے بولرز بے بس20 November, 2006 | کھیل برائن لارا: ویسٹ انڈیز کے نئے کپتان27 April, 2006 | کھیل چندرپال کی آنکھوں کے نیچے کیا؟29 May, 2005 | کھیل ’دورۂ ویسٹ انڈیز نیا امتحان ہے‘10 May, 2005 | کھیل ویسٹ انڈیز کی ڈبل سنچریاں02 April, 2005 | کھیل ’ویسٹ انڈیز شاندار‘ | کھیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||