عبدالرشید شکور بی بی سی اردو ڈاٹ کام کراچی |  |
انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے ہاکی کو مزید دلچسپ بنانے کے لئے یہ فیصلہ کیا ہے کہ بین الاقوامی مقابلوں میں گول کیپر کی موجودگی ضروری نہیں ہوگی۔اس نئے قانون کا اطلاق یکم جنوری2007 سے ہوگا۔ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن پیر کو لندن میں ہونے والے رولز بورڈ کے اجلاس میں اس بارے میں بھی غور کرنے والی ہے کہ پینتیس پینتیس منٹ کے دو ہاف کے بجائے بیس بیس منٹ کے چار ہاف کردیے جائیں۔ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے رولز بورڈ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے اصلاح الدین کا کہنا ہے کہ اگر کوئی ٹیم چاہے تو وہ گول کیپر کے بغیر بھی میدان میں اترسکے گی۔ اِس صورت میں اس کے تمام کھلاڑی مختلف پوزیشنز پر کھیل سکیں گے، دوسری صورت میں ٹیم گول کیپر کا استعمال جاری رکھ سکے گی۔ تیسری صورت یہ ہے کہ گول کیپر ہیلمٹ پہن سکتا ہے لیکن پیڈ نہیں۔ اصلاح الدین کا کہنا ہے کہ اس نئے قانون کا مقصد کھیل کو دلچسپ بناتے ہوئے گول اسکورنگ میں اضافہ کرنا ہے۔انہوں نے اس تاثر کو غلط قرار دیا کہ نئے قوانین کا مقصد یورپیئنز کوفائدہ پہنچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوانین سب کے لئے یکساں ہیں۔ضرورت ان میں مہارت پیدا کرنے کی ہے۔ اس سلسلے میں وہ نو آف سائیڈ رول کی مثال دیتے ہیں ان کا کہنا ہے کہ آف سائیڈ رول میں ایشیائی ٹیموں کو سب سے زیادہ نقصان ہوتا تھا کیونکہ وہ سب سے زیادہ اٹیک کرتی ہیں نوآف سائیڈ رول سے یہ ہوا کہ وسل کم سے کم بجنے لگی اور گول زیادہ ہونے لگے۔ |