BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
آر ایس ایس کیا ہے
آر ایس ایس کیا ہے
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Monday, 16 October, 2006, 20:56 GMT 01:56 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
پاکستانی کرکٹ پھرمشکلات سے دوچار

محمد آصف
شعیب اختر اور محمد آصف کالے شیشوں والی گاڑی میں لاہور ائیر پورٹ سے روانہ ہوئے
پاکستان کی کرکٹ ٹیم ایک بار پھر بحران کا شکار ہے۔ بال ٹیمپرنگ کا قضیہ ابھی کچھ ہفتے پہلے ختم ہی ہوا تھا کہ اب پاکستان کے دو اہم فاسٹ بالر شعیب اختر اور محمد آصف کو ڈوپ ٹیسٹ کے پہلے ہی مرحلے میں فیل ہونے کے بعد بھارت میں کھیلے جانے والے آئی سی سی چمپیئنز ٹرافی میں پاکستان کے پہلے ہی میچ سے قبل پاکستان واپس بھیج دیا گیا ہے۔

یہ ٹیسٹ پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف تین ہفتے پہلے کروایا گیا تھا۔ آج کل یہ معمول ہے کہ کسی بھی بڑے ٹورنامنٹ سے پہلے ہر ٹیم میں چند کھلاڑیوں کا ڈوپ ٹیسٹ ہوتا ہے۔ پاکستان کی بدقسمتی یہ کہ، جس طرح انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے پہلے فاسٹ بالر شعیب اختر، محمد آصف اور نوید الحسن زخمی ہو گئے تھے اور پاکستان اس وجہ سے صحیح پرفارمنس نہیں دے سکا، اسی طرح اس تنازعے نے ایک بار پھر پاکستان کی کرکٹ کو مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔

ابھی تو یہ کھلاڑی معطل کر دیئے گئے ہیں لیکن اگر ان کا دوسرا ٹیسٹ جو کہ بی ٹیسٹ کہلاتا ہے، بھی مثبت نکلا تو ظاہر ہے ان دونوں کھلاڑیوں پر دو دو سال کی پابندی لگ سکتی ہے۔

یہ پاکستان کی کرکٹ کے لئے بہت بڑا سانحہ ہو گا کیونکہ آئندہ چند مہینوں میں ویسٹ انڈیز میں ورلڈ کپ بھی کھیلا جانے والا ہے۔ ظاہر ہے کہ پاکستان کی بالنگ ان دونوں کے بغیر ایک بار پھر مشکلات میں گھر جائے گی۔

میں آپ کو اب یہ بتاؤں کہ یہ ڈوپ ٹیسٹ ہے کیا۔

پاکستان اور بھارت اور تقریبً تمام ملکوں ہی میں یہ سمجھا جاتا ہے کہ شاید چرس یا بھنگ یا کوکین کا استعمال کرنے سے سپورٹس مین کا ٹیسٹ لیا جاتا ہے۔ تاکہ وہ مصنوعی طور پر ان دواؤں کا استعمال کر کے اپنی پرفارمنس کو اجاگر نہ کر رہے ہوں۔ سپورٹس کی دنیا میں یہ دیکھا گیا ہے کہ زخمی ہونے کے بعد ڈاکٹرز کھلاڑیوں کا تیزی سے علاج کرنے کے لئے اکثر ایسی ادویات کا استعمال کرتے ہیں جس سے کھلاڑی جلدی فٹ ہو جائے اور اس کی تکلیف میں کمی واقع ہو۔ ساتھ ساتھ خاص کر تیز دوڑنے والے ایتھلیٹ اور فاسٹ بالرز کی توانائی میں اضافہ ہو سکے اور ان کے پٹھے مضبوط ہو جائیں۔

ان ادویات کو اینا بالک ایسٹرائڈ کہتے ہیں۔ جس میں نینڈرولون شامل ہے۔ اور اسی الزام پر مثبت پانے پر شعیب اختر اور محمد آصف کو معطل کیا گیا ہے۔
دوسری جن ادویات کا استعمال کھلاڑی کرتے ہیں، وہ ڈائریٹکس کہلاتی ہے اور یہ ایک طرح کا ماسکنگ ایجنٹ ہے یعنی ایسٹرایڈز کی موجودگی کو چھپانے کے لئے استعمال ہوتی ہے۔

اس دوا سے کھلاڑی اپنے وزن کو کم کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ تاکہ ان کا جسم چست و چالاک ہو جائے۔ اسی دوا کے استعمال کے الزام میں اگر آپ کو یاد ہو، آسٹیریلیا کے مشہور سپنر شین وارن کو جنوبی افریقہ میں کھیلے جانے والے ورلڈ کپ سے پہلے ہی پابندی لگا دی گئی اور انہیں آسٹریلیا واپس بھیج دیا گیا۔ ان پر دو سال کی پابندی لگائی گئی لیکن بعد میں اپیل کرنے پر ان کی سزا کو ایک سال کر دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے یہ دوا اس لئے لی تھی تاکہ ان کا وزن کم اور وہ ٹیلی وژن کی پریس کانفرنس میں خوبصورت لگیں۔ لیکن ان کی والدہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے وارن کو کف سیرپ پلایا تھا۔ شاید اسی میں یہ دوا موجود ہو۔

چند سال پہلے کاؤنٹی کرکٹ میں کھلاڑیوں کو بین کر دیا گیا تھا ان ادویات کے استعمال پر۔ سسیکس اور انگلینڈ کے فاسٹ بالر ایڈ گیڈنز کو انیس مہینے کے لئے ٹیسٹ فیل ہونے پر بین کر دیا گیا تھا۔ اور بعد میں وارِک شائر کے تین کھلاڑی پال سمتھ، گریہم ویگ اور کیتھ پائپر ان ادویات کا استعمال کرنے پر پابندی کا شکار ہو ئے تھے۔

ورلڈ ڈوپنگ ایجنسی جو گاہے بگاہے سپورٹس مین کا ڈوپنگ ٹیسٹ کرواتی ہے، سے کرکٹ کو کنٹرول کرنے والا ادارہ آئی سی سی بھی دستخط کنندہ ہے۔ لہٰذا ٹیسٹ کھیلنے والے دس ممالک پر لازم ہے کہ اس ادارے کی ڈوپ ٹیسٹ پالیسی کی پابندی کریں اور ہر بڑے ٹورنامنٹ سے پہلے اپنے کھلاڑیوں کا ڈوپ ٹیسٹ کروائیں۔ پاکستان کے دو کھلاڑی شعیب اور آصف بھی اب اسی پالیسی کا شکار ہوئے ہیں۔

کرکٹ کی دنیا میں ممنوعہ ادویات کے استعمال پر انگلینڈ کے مشہور آل راؤنڈر این بوتھم، جنوبی افریقہ کے چھ کھلاڑی اور فزیو تھیراپسٹ پر بھی ویسٹ انڈیز کے دورے پر دو ہزار ایک میں جرمانہ ہو چکا ہے۔ اور انگلینڈ کے مشہور سپنر فِل ٹفنل کو بھی اسی قسم کی پابندی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ انیس سو چھیانوے کے نیوزی لینڈ کے دورے پر انہیں کرائسٹ چرچ ایک ریسٹورنٹ میں چرس کے استعمال پر ریسٹورنٹ سے باہر نکال دیا گیا تھا۔

اسی بارے میں
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد