اختر پی ایچ ایف کے نئے سیکرٹری | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر طارق کرمانی نے سابق اولمپیئن اخترالاسلام کو پاکستان ہاکی فیڈریشن کا نیا سیکرٹری مقرر کیا ہے۔ وہ دو اگست کو اپنے عہدے کا چارج سنبھالیں گے۔ اخترالاسلام نے سنہ 1969 سے 1975 تک پاکستانی ہاکی ٹیم کی نمائندگی کی اور اس عرصے میں پاکستان نے کئی بین الاقوامی اعزاز حاصل کیئے۔فل بیک کی پوزیشن پر کھیلنے والے اخترالاسلام کے گول کی بدولت ہی پاکستان نے ہاکی کا پہلا عالمی کپ جیتا تھا۔ 1971 میں سپین کے شہر بارسلونا میں ہونے والے پہلے عالمی کپ کے فائنل میں پاکستان کی ٹیم نے صفر کے مقابلے ایک گول سے فتح حاصل کی تھی اور یہ واحد گول اخترالاسلام نے پنلٹی کارنر پر کیا تھا۔ کراچی سے تعلق رکھنے والے اخترالاسلام نے چھ سال تک پاکستانی ٹیم کی نمائندگی کی اور وہ 1975 سے پاکستان انٹرنیشنل ائر لائن میں مارکیٹنگ کے شعبے میں خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔ اختر اس وقت پی آئی اے کے کراچی آفس میں جنرل مینجر مارکیٹنگ کے عہدے پر فائز ہیں۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے نئے مقرر کردہ سیکرٹری کا کہنا تھا کہ وہ اس تقرری پر بہت خوش ہیں اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر طارق کرمانی کے ممنون ہیں کہ انہوں نے ان پر اعتماد کیا۔ تاہم وہ اس عہدے کو اپنے لیئے ایک آزمائش بھی قرار دیتے ہیں کیونکہ اس وقت پاکستان میں ہاکی کے حالات بہتر نہیں۔
اخترالاسلام نے کہا کہ وہ ہر فیصلے میں میرٹ اور صرف میرٹ کو ملحوظ رکھیں گے اور ان کی کوشش ہوگی کہ ہر کام شفاف اور باوقار طریقے سے کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ میں ہر اس شخص کو خوش آمدید کہوں گا جو پاکستان میں ہاکی کے کھیل کی بہتری میں مثبت کردار ادا کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہاکی سے وابستہ لوگوں سے ان کا کبھی کوئی اختلاف نہیں اور وہ خود کو ایک غیر متنازعہ شخص سمجھتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ان کا کوئی خفیہ ایجنڈا نہیں ہے اور ان کی خواہش ہے کہ ایسے اقدامات کیئے جائیں جن سے پاکستان کی ہاکی کا سنہری دور واپس لایا جا سکے۔ یاد رہے کہ چھ سال تک پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری رہنے والے بریگیڈئر ریٹائرڈ مسرت اللہ خان نے فیڈریشن کے صدر کو اپنا استعفٰی دے دیا تھا اور ان کے استعفے کا سبب پاکستان کی ہاکی ٹیم کا کارکردگی کا مسلسل گرتا ہوا معیار بتایا گیا تھا۔ | اسی بارے میں ہاکی فیڈریشن: سیکریٹری مستعفیٰ19 July, 2006 | کھیل ہاکی فیڈریشن میں ویزا سکینڈل03 July, 2006 | کھیل پاکستان کی پانچویں پوزیشن30 July, 2006 | کھیل ہاکی: پاکستان کی تاریخی شکست 25 July, 2006 | کھیل پاکستان، جرمنی مقابلہ برابری پرختم24 July, 2006 | کھیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||