انٹرنیشنل باکسنگ ٹورنامنٹ شروع | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
چوتھا گرین ہل انٹرنیشنل باکسنگ ٹورنامنٹ ہفتے سے کراچی کے ’کے پی ٹی‘ سپورٹس کمپلیکس میں شروع ہوگیا جس میں بائیس ممالک کے سو سے زائد باکسرز حصہ لے رہے ہیں۔ حالیہ برسوں میں کراچی بین الاقوامی باکسنگ مقابلوں کا اہم مرکز بن گیا ہے۔ یہ ٹورنامنٹ اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ اس ٹورنامنٹ میں ایشیا، افریقہ اور یورپ کی نمائندگی ہو رہی ہے۔ اٹلی کے تین باکسرز اس مقابلے میں شریک ہیں۔ پاکستان نے میزبان ہونے کے ناطے دو ٹیمیں رنگ میں اتاری ہیں جس کا مقصد آنے والے ساؤتھ ایشین گیمز اور ایشین گیمز کی تیاری ہے۔ دو سال قبل اسلام آباد میں ہونے والے ساؤتھ ایشین گیمز میں پاکستان نے باکسنگ ایونٹ کے تمام کے تمام یعنی دس طلائی تمغے جیتے تھے اور پاکستانی باکسرز آئندہ ماہ کولمبو میں اس شاندار کارکردگی کو دوہرانے کے لیئے پرعزم ہیں۔ گرین ہل ٹورنامنٹ میں بھارت کے سات باکسرز شریک ہیں لیکن تاخیر سے ویزا ملنے کے نتیجے میں وہ اسی روز کراچی پہنچے جب ٹورنامنٹ شروع ہوا اور وہ افتتاحی تقریب میں شرکت نہ کرسکے۔ گزشتہ سال ایشین جونیئر باکسنگ چیمپئن شپ کے موقع پر بھی بھارتی باکسرز کو تاخیر سے ویزے دیئے گئے تھے جس کے سبب انہوں نے کراچی آکر چیمپئن شپ میں حصہ لینے سے انکار کردیا تھا۔ انٹرنیشنل باکسنگ ایسوسی ایشن کے صدر پروفیسرانورچوہدری نے اس بارے میں بی بی سی کو بتایا کہ اس مسئلے کا مستقل حل نکلنا چاہیئے۔ ’بھارتیوں کے لیئے پاکستانی ویزے کے لیئے کاغذی کارروائی میں چھ ہفتے درکار ہوتے ہیں۔ یہ کم کرکے تین ہفتے کردینا چاہئے اور ویزا پاکستان آمد پر دینا چاہیئے‘۔ ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے بھارتی دستے کے کوائف مقررہ وقت پر وزارت داخلہ کو ارسال کردیئے تھے۔ پروفیسرانورچوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان میں پاک بھارت باکسنگ سیریز کے بعد اسی طرح کا مقابلہ دبئی میں متوقع ہے جس میں چند دوسرے ممالک کو بھی شامل کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔ | اسی بارے میں باکسنگ: پاکستان نے سیریز جیت لی21 May, 2006 | کھیل ساؤتھ ایشین گیمز، تیاریاں شروع04 May, 2006 | کھیل اردو سیکھی، باکسنگ سکھائی10 March, 2006 | کھیل مالی مشکلات: باکسر ناک آؤٹ26 September, 2005 | کھیل ایشین باکسنگ، پاکستان کی فتح04 September, 2005 | کھیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||