پاکستانی سنوکر کے لیئے تھائی کوچ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان بلیئرڈز اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن نے ایشین گیمز میں مطلوبہ نتائج حاصل کرنے کے لیئے تھائی لینڈ کے کوچ کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایشین گیمز اس سال دسمبر میں دوہا قطر میں ہونے والے ہیں۔ پاکستان بلیئرڈز اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن کے صدر علی اصغر ولیکا نے بی بی سی کو بتایا کہ پاکستان ایشین گیمز میں سنوکر کے علاوہ پول اور بلیئرڈز میں میں حصہ لے گا۔ ان ایونٹس میں9 طلائی تمغوں کا فیصلہ ہونا ہے لہذا وہ چاہتے ہیں کہ تھائی لینڈ کے کوچ کی خدمات حاصل کی جائیں جو سنوکر کے علاوہ پول اور بلیئرڈز میں پاکستانی کیوِسٹس کو تربیت دے۔ اس سلسلے میں تھائی لینڈ کی سنوکر فیڈریشن سے ان کی بات چیت ہوئی ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ ایک ایسا کوچ پاکستان آئے جو انگریزی جانتا ہو تاکہ پاکستانی کھلاڑیوں کو مشکل نہ ہو۔ اصغرولیکا نے کہا کہ پاکستانی سکواڈ کو مضبوط کرنے کے لیئے برطانیہ میں پروفیشنل سنوکر کھیلنے والے پاکستانی کھلاڑی شوکت علی کی خدمات بھی حاصل کی جارہی ہیں۔ پاکستان سپورٹس ٹرسٹ نے ان کے تمام اخراجات برداشت کرنے کی یقین دہانی کرادی ہے۔ ایشین گیمز میں حصہ لینے والے پاکستانی کھلاڑیوں کو بھرپور تیاری فراہم کرنے کی حکمت عملی کے تحت پاکستان بلیئرڈز اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن سہ فریقی ٹورنامنٹ بھی منعقد کرنے والی ہے جس میں شریک دیگر دو ممالک چین اور تھائی لینڈ ہیں۔ پاکستان آئندہ سال ایشین سنوکر چیمپئن شپ کی میزبانی بھی کرے گا اس بارے میں اصغرولیکا کا کہنا ہے کہ انہیں یقین ہے کہ کوئی دوسرا ملک پاکستان کے مقابلے پر نہیں آئے گا اور میزبانی پاکستان کو مل جائے گی۔ پاکستان1991، 1998 اور2001 میں بھی ایشین چیمپئن شپ کی میزبانی کرچکا ہے۔ پاکستان سنہ 2008 میں ورلڈ سنوکر چیمپئن شپ کی میزبانی کی ازسرنو پیشکش بھی کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ گزشتہ سال کی عالمی چیمپئن شپ پاکستان میں ہونی تھی لیکن زلزلے کی تباہ کاریوں کے سبب اس کا انعقاد ممکن نہ ہوسکا تھا۔ |
اسی بارے میں ٹیم کے انتخاب کا طریقہِ کار تبدیل16 April, 2006 | کھیل پاکستانی خواتین ورلڈ سنوکر میں13 September, 2005 | کھیل پاکستان کی میزبانی خطرے میں08 August, 2005 | کھیل ایشین سنوکر، سیڈنگ اور ڈراز08 July, 2005 | کھیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||