پاکستان مستحکم پوزیشن میں | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
فیصل آباد میں بھارت کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز کھیل کے اختتام پر پاکستان نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 379 رنز بنا لیے ہیں۔ چائے کے وقفے تک چار وکٹیں گرنے کے بعد پاکستانی کپتان انضمام الحق اور شاہد آفریدی نے پراعتماد انداز سے بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو ممکنہ مشکلات سے نکالا۔ دونوں بلے بازوں نے اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کیں۔ یہ ٹیسٹ کرکٹ میں انضمام کی تنتالیسویں اور آفریدی کی آٹھویں نصف سنچری تھی۔ جب کھیل ختم ہوا تو انضمام اور آفریدی بالترتیب 79 اور 85 رن پر ناٹ آؤٹ تھے۔ اب تک ان دونوں بلے بازوں کی شراکت میں 163 رن بن چکے ہیں۔ پاکستان کی طرف سے آؤٹ ہونے والے آخری کھلاڑی محمد یوسف تھے جو 65 رنز بنا کر آر پی سنگھ کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ ہوگئے۔ اس سے پہلے یونس خان 83 رنز بنا کر آر پی سنگھ کی ہی گیند پر یوراج سنگھ کے ہاتھوں کیچ ہو گئے تھے۔ یونس خان نے محمد یوسف کے ساتھ مل کر تیسری وکٹ کی شراکت میں 142 رنز بنائے۔ بھارت کے طرف سے پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے آر پی سنگھ نے اب تک تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ظہیر خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔ ہفتے کی صبح بیٹنگ کے لیے سازگار نظر آنے والی پچ پر انضمام الحق نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا اور پاکستان کی اوپننگ جوڑی سلمان بٹ اور شیعب ملک نے اننگز کا آغاز کیا تھا۔ پاکستان کے آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی شعیب ملک تھےجو انیس رنز بنا کر آر پی سنگھ کی گیند پر یوراج سنگھ کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ سلمان بٹ نے37 رنز بنائے۔ انہیں ظہیر خان کی گیند پر وکٹ کیپر دھونی نے کیچ کیا۔
پاکستان نے اپنی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی ہیں۔فاسٹ بولر محمد سمیع اور رانا نوید الحسن کی جگہ میڈیم فاسٹ بولر محمد آصف اور آل راؤنڈر عبدالرزاق کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔ محمد آصف پاکستان کی جانب سے ایک ٹیسٹ میچ کھیل چکے ہیں۔ بھارت نے ٹیم میں دو تبدیلیاں کی ہیں۔ سابق کپتان سورو گنگولی اور اجیت اگارکر کو ٹیم میں شامل نہیں کیا ہے اور ان کی جگہ میڈیم فاسٹ بولر آر پی سنگھ اور ظہیر خِان کو ٹیم میں جگہ دی ہے ۔ بھارت اس میچ میں پانچ سپیشلسٹ بیٹسمینوں کے ساتھ میدان میں اتر رہا ہے۔ کپتان راہول ڈراوڈ نے پہلے ٹیسٹ میں سینچری بنانے کے بعد اس سیریز میں وریندر سہواگ کے ساتھ اننگز اوپن کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ برابری پر ختم ہو گیا تھا جس میں دونوں ٹیموں نے صرف آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 1089 رنز ڈالے۔پاکستان کے چار اور بھارت کے دو کھلاڑیوں نے سنچریاں مکمل کیں تھیں۔ پاکستانی ٹیم : انضمام الحق (کپتان)، سلمان بٹ، شعیب ملک، یونس خان، محمد یوسف، شاہد آفریدی، عبد الرزاق، کامران اکمل، شیعب اختر، محمد آصف اور دانش کنیریا۔ بھارتی ٹیم : راہول ڈراوڈ (کپتان)، وریندر سہواگ، وی وی ایس لکشمن، سچن تندولکر، یوراج سنگھ، مہندر دھونی، عرفان پٹھان، انیل کمبلے، آر پی سنگھ ، ظیہر خان اور ہربھجن سنگھ۔ |
اسی بارے میں پچ اچھی ہے: انضمام، ڈراوڈ12 January, 2006 | کھیل سائیٹ سکرین کو بڑا کریں: تندولکر12 January, 2006 | کھیل غیرملکی کوچوں کی جنگ نہیں: چیپل08 January, 2006 | کھیل عمران فرحت کی ٹیم میں واپسی09 January, 2006 | کھیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||